کراچی پریس کلب کی نو منتخب کابینہ نے چارج سنبھال لیا,چیئر مین الیکشن کمیٹی نے نتائج کا اعلان کردیا۔
کراچی پریس کلب کی نو منتخب کابینہ نے چارج سنبھال لیا ہے۔ جنرل کونسل کا اجلاس گزشتہ روز صدر فاضل جمیلی کی صدارت میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں سیکرٹری محمدرضوان بھٹی نے کارکردگی رپورٹ پیش کیں۔ اجلاس میں کلب ممبران کی بڑی تعداد میں شرکت کی ۔سال 2022 میں ریکارڈ اور تاریخی ترقیاتی کام کروانے پر کراچی پریس کے صدر فاضل جمیلی اور محمد رضوان بھٹی سمیت پوری مجلس عاملہ کوخراج تحسین پیش کیا گیا۔
کارکردگی رپورٹ کے بعد چیئر مین الیکشن کمیٹی ڈاکٹر توصیف احمد نے نتائج کا اعلان کیا۔ ڈاکٹر توصیف احمد خان نے بلامقابلہ منتخب ہونے والے
پریس کلب کابینہ
نئے صدر سعید سربازی، نائب صدرمشتاق سہیل،سیکرٹری شعیب احمد،جوائنٹ سیکرٹری اسلم خان،خازن احتشام سعید قریشی،گورننگ باڈی کے ارکان شمس کیریو، فاروق سمیع، رفیق بشیر، کلثوم جہاں، رمیز وہرہ، ذوالفقار راجپر اور ذوالفقاروہوچو کے منتخب ہونے کا اعلان کیا۔
اس موقع پر نومنتخب صدر سعید سربازی اور سیکرٹری شعیب احمد نے کہا کہ کلب کے ممبران کی جانب سے جس اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے اس پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ بلامقابلہ منتخب ہونے کی وجہ سے ہماری ذمہ داریوں پر مزید اضافہ ہوگیا ہے ۔ہماری کوشش ہوگی کہ ہم کراچی پریس کلب کو ایک گھر کی طرح لے کر چلیں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر کراچی پریس کلب فاضل جمیل اور سابق سیکریٹری محمد رضوان بھٹی نے کہا کہ ہم نے اپنی ذمہ داریاں خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دینے کی کوشش کی اور کراچی پریس کلب کے ممبران کو سہولتوں کی فراہمی کے لیے ہر ممکن
اقدامات کیے ہیں جس کے ممبران بھی معترف ہیں ۔انہوں نے نئے آنے والے عہدیداروں کے لیے نیک تمناوں کا اظہار کیا۔
اس موقع پر محمد رضوان بھٹی نے سالانہ رپورٹ بھی پیش کی جیسے پریس کلب کے ممبران کی ایک بھاری تعداد نے منظور کرلیا۔
دریں اثنا کراچی پریس کلب کے انتخابات میں بلامقابلہ کامیابی پر دی ڈیموکریٹس پینل کے کامیاب عہدیداروں کو مختلف شخصیات کی جانب سے تہنیتی پیغامات ملنے کا سلسلہ جاری ہے ۔
صدر ڈاکٹرعارف علوی، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، وزیراطلاعات مریم اورنگزیب ، وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹوزرداری، سابق وزیراطلاعات فواد چوہدری، وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ، گورنرسندھ کامران ٹیسوری، وزیراطلاعات سندھ شرجیل انعام، وزیربلدیات سندھ ناصرحسین شاہ، وزیرتوانائی سندھ امتیازشیخ، سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک ، فیڈرل یونین آف جرنلسٹس(دستور)کے صدر حاجی نوازرضا،سیکرٹری اے ایچ خانزادہ،پیپ کے عہدیداروں سمیت مختلف سیاسی ،سماجی اور مذہبی شخصیات نے نومنتخب صدر سعید سربازی اور سیکرٹری شعیب احمد سمیت دیگر عہدیداروں کو بلامقابلہ کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ ۔
