اختر مینگل اور حکومت کے مذاکرات کس بات پر کامیاب ہوئے؟ اندرونی کہانی

اسلام آباد: بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کے سربراہ اختر مینگل نے حکومت سے ہونے والے مذاکرات کی مثبت پیشرفت کے حوالے سے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ این ایف سی اور 18 ویں ترمیم کے خلاف حکومت کا ساتھ نہیں دیں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی قیادت کا تہہ دل سے مشکور ہوں، اس کے ساتھ معاہدے پر عملدرآمد نہیں ہو رہا تھا جس سے دوریاں پیدا ہوئیں، بلوچستان کا مسئلہ دیرینہ اور سیاسی ہے جسے سیاسی طریقے سے حل ہونا چاہیے، بلوچستان کو ہانکنے کی کوشش کے نتائج اچھے نہیں نکلیں گے۔

اختر مینگل نے بتایا کہ وزیراعظم سے ملاقات میں لاپتہ افراد کا معاملہ سرفہرست رہا، تمام معاملات پر عمل درآمد کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جو کہ بڑی پیشرفت ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت کو واضح کردیا کہ اگر این ایف سی ایوارڈ یا پھر 18ویں ترمیم کو لپیٹنے کی کوشش کی گئی تو بی این پی اس کا حصہ نہیں بنے گی، سیاسی افراد کی کمیٹی بلوچستان جاکر رپورٹ تیار کرے جو اسمبلی میں پیش کی جائے۔