کراچی : ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے کہا ہے کہ طلبہ و طالبات اور ان کے والدین کے لئے یہ انتہائی فخرکا باعث ہے کہ آج یہ طلبہ مستقبل کےڈاکٹرز بننے کے لیے تعلیمی زندگی کاآغازکررہے ہیں، کالج کے پروفیسرز اور اساتذہ اپنی بہترین صلاحتیں طالب علموں کے لئےصرف کریں کیونکہ طب کاشعبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے ڈاکٹرز ان کی صحت اور زندگیاں بچانے میں مرکزی کردارادا کرتے ہیں۔
ان خیالات کااظہار انہو ں نے گزشتہ روز کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج میں نئے تعلیمی سال کے آغاز کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
تقریب میں طلباء کو نئے تعلیمی سال کے آغاز کے موقع پر سفید کوٹ پہنایاجاتا اور ان سے اپنے پیشے سےمخلص رہنے کاحلف لیاجاتا ہے۔
تقریب میں ایڈمنسٹریٹرکراچی کے علاوہ ڈاؤ سٹی آف ہیلتھ سائنس کے سابق وائس چانسلر پروفیسر مسعودحمید،ممبر گورننگ باڈی ڈاکٹر فرحان عیسی، پرنسپل کراچی میڈیکل اینڈڈینٹل کالج ڈاکٹر نرگس انجم اور کالج کے اساتذہ کرام بھی موجود تھے۔
ایڈمنسٹریٹرکراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمن نےکہا کہ جن طلبہ اور طالبات نےمیڈیکل کاشعبہ انتخاب کیا ہے وہ انتہائی محنت، تندہی اور ایمانداری کے ساتھ تعلیم حاصل کریں تاکہ قابل ڈاکٹر بن کر ملک و قوم کی خدمت کرسکیں، 257 طلباء ایم بی بی ایس اور 100 طلباء بی ڈی ایس کے لئےاپنی تعلیم کاآغازکررہے ہیں میں انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں ان کےوالدین بھی اس بات پر مبارکباد کے مستحق ہیں کہ انہو ں نے اپنے بچوں کیلئے مسیحائی کاانتخاب کیا۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی نےکہا کہ آپ ان چند خوش نصیب افراد میں سے ہیں جن کو اس بہترین ادارے میں علم حاصل کرنے کاموقع ملے گا ۔