وزیر مذہبی امور کا حج اتنظامات پر اظہار عدم اطمینان

اسلام آباد : وفاقی وزیر مذہبی امور طلحہ محمود نے کہا ہے کہ 20 یا 21 مئی کو پہلی حج پرواز روانہ ہوجائے گی،اس سال ایک لاکھ 80 ہزار عازمین حج فریضہ حج ادا کریں گے،جو پرائیویٹ حج ٹور آپریٹر وعدے پورے نہیں کرے گا اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطا ب میں وفاقی وزیرطلحہ محمود نے کہا کہ سنا تھا کہ رمضان میں انتظامات مکمل کرلئے جاتے ہیں لیکن ابھی تک حج انتظامات کے حوالے سے میں مطمئن نہیں ہوں،ہوسکتا ہے مجھے دوبارہ سعودی عرب جانا پڑے۔

انہوں نے کہ کہ میں آئیڈیل حج تو نہیں کراسکتا لیکن مشکلات میں کمی ضرور لاؤں گا،مجھے یقین ہے مسائل کو حل کرنےمیں ہم کامیاب ہوجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ جو خدام الحجاج وہاں ڈیوٹی پر نہیں ہونگے ان کا تین دن کا ٹی اے ڈی اے کاٹا جائے گا،دوسرے مرحلے میں ان کو ڈی پورٹ کراؤں گا۔انہوں نے کہا کہ حاجیوں کے ساتھ کئے گئے وعدے پورے نہیں کئے گئے تو نجی حج آپریٹرز کو بھی بلیک لسٹ کراؤں گا۔

انہوں نے کہا کہ ایئرلائنز سروس کی بھی شکایات ہیں،میں جس جہاز میں گیا تھا وہ بھی دو گھنٹے لیٹ تھی،میں نے ایئرلائنز والوں کے ساتھ بھی بات کی ہے، پی آئی اے والوں سے ملاقات کی، بڑی بڑی داستانیں سننے کو مل رہی ہیں،فراڈ، دھوکے اور جھوٹ والی پالیسیوں سے کوئی ترقی نہیں ہو تی ، قابل عمل پالیسیاں بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ میڈیا کے لوگوں کی بڑی قربانیاں ہیں،کرپشن مکمل ختم نہیں ہونی، لیکن کم سے کم میڈیا کا خوف ہر بندے کے دل میں ہونا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں سب کچھ ہے،وسائل سے کوٹ کوٹ کر بھرا ہوا ملک بدحالی کا شکار کیسے ہوا ہے؟۔ دریں اثناوفاقی وزیر مذہبی امور طلحہ محمودنےحج انتظامات کے باعث وزارت مذہبی امور کے ملازمین کی آئندہ تین دن کی چھٹیاں منسوخ کردیں۔ وزارت مذہبی امور کے میڈیا سیل کے مطابق وزارت میں منعقدہ اجلاس میں وفاقی وزیر طلحہ محمود نے حج انتظامات کا جائزہ لیا۔

وفاقی وزیر کو حج انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی جس میں حاجی کیمپوں کے ذریعے عازمینِ حج کی تربیت، معاونینِ حج کے انتخاب اور نجی حج سکیم سمیت متعدد امور زیر غور آئے ۔

وزیر مذہبی امور نے وزارت کے ملازمین کی ہفتہ اتوار اور پیر کی 3 روزہ چھٹی منسوخ کر دی۔وفاقی وزیرنے کہا کہ عازمینِ حج مناسک اور انتظامی امور اچھی طرح سیکھ اور سمجھ کر جائیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ تربیتی مواد میں خواتین کی تربیت اور مخصوص مسائل پر بھی خصوصی توجہ دی جائے۔انہوں نے کہا کہ مرد عازمینِ حج اپنے ہمراہ جانے والی خواتین کی حج تربیت پر کوئی سمجھوتہ نہ کریں۔

انہوں نے کہا پرائیویٹ حج سکیم کے عازمین صرف وزارت کی منظور شدہ حج کمپنیوں کے ذریعے حج کی بکنگ کرائیں، سوشل میڈیا پر سستے حج کے اعلانات سے محتاط رہیں، حج بکنگ سے قبل وزارت کی ویب سائٹ سے تصدیق کرلیں۔

انہوں نے کہا کہ حج کے موقع پر معاونین حج کی کار کردگی کا وہ خود جائزہ لیں گے اور اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔