نجی ایکویٹی فرم ایشیا پاک انویسٹمنٹ نے بول نیٹ ورک میڈیا گروپ کا مکمل کنٹرول سنبھال لیا۔
کمپنی کی جانب سے جاری اعلامیے میں بول میڈیا گروپ کا مکمل کنٹرول سنبھالنے کے حوالے سے باضابطہ اعلامیہ جاری کیا گیا۔
واضح رہے کہ اس سرمایہ کار کمپنی کے دفاتر کراچی، لاہور، اسلام آباد میں موجود ہیں اور اس کمپنی کا کام انفراسٹریکچر، توانائی، بجلی، ٹرانسپورٹ، ٹیکنالوجی سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کرنا ہے۔
بول نیٹ ورک کے نئے چیئرمین اور سی ای او سمیر چشتی ایشیا اور مشرق وسطیٰ میں ایک تجربہ کار بین الاقوامی ٹیکنالوجی سرمایہ کار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ “عالمی سطح پر ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز، مصنوعی ذہانت، اور ٹیلی کمیونیکیشن میں حیرت انگیز پیش رفت ہو رہی ہے۔ اس کا اثر پورے میڈیا ایکو سسٹم پر محسوس کیا جا رہا ہے، مواد کی تخلیق، خبریں، تفریح، گیمنگ، موسیقی، تعلیم، کمیونیکیشن، اور کمیونٹی پر بھی ہورہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ “چین، کوریا، سعودی عرب، اور دیگر ممالک میں 500 سے زیادہ ٹیکنالوجی کمپنیوں میں سرمایہ کاری کرنے والے SparkLabs گروپ میں ایک جنرل پارٹنر کے طور پر میں نے زندگی کو تبدیل کرنے، معاشروں کو تبدیل کرنے اور بڑھتی ہوئی معیشتوں میں ان ٹیکنالوجیز کی صلاحیتوں کو پہلی بار دیکھا ہے۔ اور یہ بالکل ایسے مواقع ہیں جو تمام پاکستانیوں کے لیے دستیاب ہونے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ نیا بول نیٹ ورک مواد بنانے اور تقسیم کرنے کے طاقتور طریقوں کا وعدہ کرتا ہے تاکہ سبھی سکھا سکیں اور سیکھ سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ “ہم صارفین کو بااختیار بنائیں گے کہ وہ اپنی برادریوں کو ان کے لیے اہم مسائل پر مشغول کر سکیں‘‘۔
واضح رہے کہ مارچ میں، وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے بول نیٹ ورک کے سابق سی ای او شعیب احمد شیخ کو جعلی ڈگری کیس میں بری ہونے کیلیے سابق سیشن جج کو رشوت دینے کے الزام میں اسلام آباد ایئرپورٹ سے گرفتار کیا۔
شعیب شیخ کو کراچی سے پرواز کے ذریعے اسلام آباد پہنچنے کے فوراً بعد گرفتار کر لیا گیا تھا۔ بول ٹی وی کے سابق چیف ایگزیکٹیو پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج (اے ڈی ایس جے) پرویز القادر میمن کو ایگزیکٹ جعلی ڈگری کیس میں من پسند فیصلہ سنانے کے لیے رشوت دینے کا الزام تھا۔
سنہ 2017 میں، اے ڈی ایس جے نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے سامنے اعتراف کیا تھا کہ اسے ایگزیکٹ کے سی ای او کو بری کرنے کے لیے 50 لاکھ روپے ملے تھے۔
ایف آئی اے نے اس سے قبل 2015 میں ایگزیکٹ کے سی ای او کو کراچی میں کمپنی کے خفیہ دفتر سے لاکھوں جعلی ڈگریاں اور طلباء کے شناختی کارڈ ملنے کے بعد گرفتار کیا تھا۔ کراچی میں ایگزیکٹ کے دفاتر پر 2015 کے ایف آئی اے کے چھاپے کی ٹیلی ویژن فوٹیج میں عمارت کے کمروں میں مختلف یونیورسٹیوں کے ڈگری ٹیمپلیٹس کے ڈھیر دکھائے گئے۔
نیویارک ٹائمز کی ایک رپورٹ جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ Axact خفیہ دفتر سے دنیا بھر میں ملٹی ملین ڈالر کی جعلی ڈپلومہ سلطنت چلا رہا تھا۔ شیخ اور ایگزیکٹ انتظامیہ کے خلاف کروڑوں روپے کی منی لانڈرنگ کا مقدمہ بھی درج کیا گیا تھا، لیکن چیف ایگزیکٹو کو بعد میں بدنام زمانہ جج پرویز القادر میمن نے بری کر دیا۔
