اسلام آباد: وفاقی حکومت اور وزیراطلاعات کے ماتحت چلنے والے سرکاری ادارے پیمرا نے ڈیموں کی تعمیر اور فنڈنگ سے متعلق منفی تبصروں اور تجزیوں کے نشر کرنے پر پابندی عائد کردی۔
پیمرا کی جانب سے اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں کہنا تھا کہ چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے قائم کردہ دیامر بھاشا ڈیم فنڈ پر توہین آمیز بیانات اور تبصروں پر ٹی وی چینلز کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پیمرا کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی سے اجتناب کریں۔
پیمرا کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ خبر اور حالات حاضرہ کے ٹی وی چینلز کی مانیٹرنگ کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ چیف جسٹس ثاقب نثار کی جانب سے قائم کردہ ‘دیامر بھاشا ڈیم فنڈ’ سے متعلق یہ چینلز سیاستدانوں، تجزیہ کاروں اور قانونی ماہرین کا توہین آمیز تجزیہ بغیر کسی کنٹرول کے نشر کر رہے ہیں۔
پیمرا نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ چینلز کے علم میں یہ بات لائی جاتی رہی ہے کہ اس طرح کے بیانات اور تجزیے اعلیٰ عدلیہ کے خلاف بہتان تراشی کے زمرے میں آتے ہیں لیکن اس کے باوجود ٹی وی چینلز کی جانب سے اعلیٰ عدلیہ کے لیے توہین آمیز تجزیے اور تبصرے بھی بار بار نشر کیے جا رہے ہیں۔
