کیا اسکولوں کی چھٹیوں میں‌ مزید اضافہ ہوگیا؟ محکمہ تعلیم کی وضاحت

کراچی: محکمہ تعلیم سندھ کے ترجمان سعید میمن نے گرمیوں کی چھٹیاں بڑھائے جانے کے حوالے سے سوشل میڈیا پر آنے والی خبروں تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام اسکولز میں گرمیوں کی چھٹیاں یکم مئی سے 30 جون تک ہیں اور نئے تعلیمی سال کا آغاز یکم جولائی سے ہوگا۔

اُن کا کہنا تھا کہ چھٹیوں میں توسیع کے حوالے سے شائع ہونے والی خبریں بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم کی طرف سے 2 جنوری 2019 کو منعقد کیے گئے اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں ہی پورے سال کے تعلیمی شیڈیول کا فیصلہ کیا گیا تھا جس کے مطابق تمام اسکولوں میں گرمیوں کی چھٹیاں یکم مئی سے 30 جون تک ہونگی اور نئے تعلیمی سال کا آغاز یکم جولائی سے ہوگا۔

سوشل میڈیا پر کچھ عناصر کی جانب سے پچھلے سال کے کسی چینل پر نشر ہوئی خبر کے اسکرین شاٹس جاری کرکے عوام کو پریشان کیا جا رہا ہے جن کو خاطر میں نہ لایا جائے۔

اُن کا کہنا تھا کہ گرمیوں کی چھٹیاں طئے شدہ شیڈیول (یکم مئی سے 30 جون تک) کے مطابق برقرار ہے۔ اور اسکولز میں یکم جولائی سے نئے تعلیمی سال کا آغاز ہوجائے گا۔