ڈیرہ اسماعیل خان میں ٹانک کے قریب سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ پاک فوج کے کرنل مجیب الرحمان شہید ہوئے جبکہ صوبہ بلوچستان میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں دو شہری زخمی ہوئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی سے متعلق خفیہ اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے علاقے کا گھیراؤ کیا ۔ اس موقع پر دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ کا سلسلہ شروع کیا گیا، سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 2 ہائی ویلیو دہشت گرد مارے گئے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے دہشت گردوں کے ٹھکانے سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور ایمونیشن برآمد کی گئی ہے۔ سیکیورٹی فورسز کی دہشت گردوں کے خلاف کی جانے والی کارروائی میں شہید ہوجانے والے کرنل مجیب الرحمان شہید کا تعلق ضلع استورکے علاقے بونجی سے ہے۔ شہید کرنل مجیب الرحمان کے پسماندگان میں بیوہ، 3 بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہے۔
چمن میں دھماکا
بلوچستان میں چمن کی تحصیل گلستان کے علاقے شہری بازار میں دھماکے سے 2 افراد زخمی ہوگئے۔
لیویز حکام کے مطابق دھماکے میں قبائلی رہنما عبدالرؤف کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی، دھماکا خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ پر ریسکیو ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں۔
