وزیراعلیٰ ہائوس سندھ میں کرسمس تقریب، مراد علی شاہ نے کیک کاٹا

کراچی :وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں کرسمس کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ قائداعظم محمد علی جناح نے 11 اگست 1947 کو آئین ساز اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے اقلیتوں کی آزادی کی واضح ضمانت دی تھی،بابائے قوم نے کہا تھا کہ آپ اپنے مندروں میں جانے کے لیے آزاد ہیں، آپ اپنی مساجد یا پاکستان کی اس ریاست میں کسی اور عبادت گاہ میں جانے کے لیے آزاد ہیں، آپ کا تعلق خواہ کسی بھی مذہب، ذات یا عقیدے سے ہو اس کا ریاستی کاروبار سے کوئی تعلق نہیں۔

مراد شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا منشور بھی یہی ہے۔ ہم اس خوشی کو برقرار رکھتے ہوئے نئے سال کی طرف بڑھ رہے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ نیا سال ہم سب کے لیے امن کا پیغام ثابت ہوگا، بلاول بھٹو زرداری نے ہمیشہ اقلیتوں کے حقوق کی پاسداری کی ہے، پی پی پی ملک کی واحد جماعت ہے جو تمام مذہبی برادریوں کو ساتھ لے کر چلتی ہے،سندھ کی کابینہ کے چھ اراکین کا تعلق اقلیتی جماعت سےہےوزیراعلیٰ سندھ نے مسیحی برادری کوکرسمس کی مبارکباد دی۔

تقریب میں صوبائی وزراء، مشیران، معاونین خصوصی، ایم پی ایز، اور پی پی پی کراچی ڈویژن اور صوبے کے دیگر اضلاع کے اقلیتی ونگ کے عہدیداران ، پادریوں بشمول کارڈنل جوزف کاؤٹس، بشپ کلیم جون اورپینٹی کوسٹل چرچ کے معزز افراد نے شرکت کی۔

وزیراعلیٰ نے اپنی کابینہ کے اراکین اور مسیحی برادری کے مہمانوں کے ہمراہ کرسمس کا کیک کاٹا۔