اسلا م آباد ،لاہور :کورونا کی مہلک وباسے پاکستان میں مزید کوئی فردجاں بحق نہیں ہوااور اموات کی مجموعی تعداد30636ہی رہی جبکہ جاپان میں کورونا سے مزید250سے زائد افراد چل بسےاور86924نئے مریض سامنے آگئے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر ،وزارت قومی صحت اورنیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں4135افراد کے کورونا وائرس ٹیسٹ کئے گئے۔ مثبت کیسز کی مجموعی شرح 0.51فیصد ہوگئی۔ کورونا کی چھٹی لہر کے دوران21نئے مریض رپورٹ ہوئے اور فعال کیس 6481ہوگئے،19مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
کورونا کے کراچی سے8،گلگت سے ایک، پشاور سے ایک اورلاہور سے3نئے کیس سامنے آئے۔عالمی وبا سےدنیا بھرمیں ہلاکتیں66لاکھ97ہزار5سوسےزائد ہو گئیں۔
جنوبی کوریا میں کورونا سےمزید63افراد چل بسے اور 57527نئے مریض بھی سامنے آگئے ۔روس میں بھی کورونا سےمزید50افرادہلاک ہوگئے اور 5038نئے مریض بھی سامنے آگئے۔ہانگ کانگ میں بھی کورونا سےمزید62افرادہلاک ہوگئے اور 23361نئے مریض بھی سامنے آگئے۔
چین میں کورونا سےمزیدایک فرد چل بسا اور 5138نئے مریض بھی سامنے آگئے ۔چین میں کورونا کیسز کے پھیلائو کے پیش نظر آسٹریلیا اور کینیڈا نے چین سے آنیوالے مسافروں کیلئے منفی کورونا ٹیسٹ لازمی قرار دیدیا، پابندیاں عائد کر نیوالے ممالک ایک درجن سے زائد ہو گئے۔ آسٹریلیا میں5 جنوری سے چین سے آنیوالوں کو منفی کورونا ٹیسٹ سرٹیفکیٹ دکھانا ہونگے۔ آسٹریلوی وزیر صحت نے کہا کہ ہانگ کانگ اور مکائوسے آنیوالے مسافروں پر بھی پابندی لاگو ہو گی۔
عالمی ادارہ صحت نے دوبارہ چین سے کورونا وائرس کے حوالے سے مزید حقیقت پر مبنی معلومات شیئر کرنے کا کہا ہے۔
