اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے محسن رضا نقوی کو نگران وزیر اعلیٰ پنجاب مقرر کردیا، نوٹیفکیشن بھی جاری، رات گئے نگران وزیراعلیٰ نے حلف اٹھا لیا، گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن نے گورنر ہائوس میں ان سے حلف لیا۔ چیف الیکشن کمشنر اور چاروں ارکان نے متفقہ فیصلہ کیا، نام اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے تجویز کیا تھا۔ اس سے قبل نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کے لئے سپیکر پنجاب اسمبلی کی جانب سے بنائی گئی دوطرفہ پارلیمانی کمیٹی مقررہ وقت میں اتفاق رائے پر پہنچنے میں ناکام رہی تھی جس کے بعد الیکشن کمیشن نے گزشتہ روز اجلاس میں نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کا انتخاب کیا ۔
پرویز الہٰی نے سردار احمد نواز سکھیرا اور نوید اکرم چیمہ جبکہ حمزہ شہباز نے نگران وزیر اعلیٰ کے لئے محسن نقوی اور احد چیمہ کے نام دیئے تھے۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں کمیشن سیکرٹریٹ میں خصوصی اجلاس ہوا جس میں ممبر الیکشن کمیشن خیبر پختونخوا اکرام اللہ خان ، ممبر سندھ نثار درانی، ممبر بلوچستان شاہ محمد جتوئی اور ممبر پنجاب بابر حسن بھروانہ نے شرکت کی۔
اجلاس میں سیکرٹری الیکشن کمیشن سمیت 15 افسر بھی شریک ہوئے۔ اجلاس سے قبل متعلقہ شعبوں کے ڈی جیز اور ایڈیشنل ڈی جیز کو بھی اجلاس میں شرکت کی ہدایت کی گئی تھی۔ اجلاس میں آئینی اور قانونی معاملات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق الیکشن کمیشن نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب کی حلف برداری کےلئے گورنر بلیغ الرحمان کو خط لکھ دیا ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ پنجاب کے غیور عوام کے نمائندوں کو منتخب کرانے کے عمل کو نیک نیتی اور خوش اسلوبی سے انجام دینے کی کوشش کروں گا جس پر کسی کو شک و شبہ کی گنجائش نہ ہو۔
