تہران : آذر بائیجان کے وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ تہران میں آذری سفارتخانہ کے باہر ایک گارڈ پر حملہ کیاگیا ہے جس سے سکیورٹی سروس کا سربراہ جاں بحق ہوگیا اور دو گارڈ زخمی ہوگئے۔
وزارت نے کہا کہ ایران میں آذربائیجانی سفارت خانے کے باہر ایک گارڈ پوسٹ پر مسلح شخص کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور دو زخمی ہو گئے۔ حملہ آور نے گارڈ پوسٹ میں گھس کر سیکورٹی اہلکار کو کلاشنکوف سے مار ڈالا۔ آذربائیجانی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ سفارت خانے کی سکیورٹی سروس کے سربراہ اورحان سکاروف حملے کا جواب دیتے ہوئے ہلاک ہو گئے۔
ایرانی میڈیا نے آذربائیجانی سفارتخانے پر حملے کے ایک مشتبہ شخص کی گرفتاری کی بھی اطلاع دی۔ آذربائیجان نے واقعہ کی فوری تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
تہران پولیس کے سربراہ نے کہا کہ حملہ آور نے اعتراف کیا ہے کہ اس نے حملہ ذاتی اور خاندانی مسائل کی وجہ سے کیا۔ پولیس سربراہ نے کہا حملہ آور اپنے دو بچوں کے ساتھ سفارتخانہ میں داخل ہوا تھا۔
