عالمی مسابقہ میں رقت آمیزتلاوت کرکے دنیا کو حیران کرنے والے قاری کون ہیں؟ جانیئے!

ریاض :ہالی ووڈ فلم اور ٹیلی ویژن کے سکرین رائٹر فلسطینی نژاد امریکی شہری یاسر شاہین نے سعودی عرب میں منعقدہ سب سے بڑے عالمی مقابلے “عطر الکلام” کی حالیہ قسط میں ممتاز انداز میں شاندار قرات کرکے فضا کو مسحور کر دیا۔

قرات کی ویڈیو سوشل میڈیا پر دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی اور جس نے قرآن کی یہ پُرسوز قرات سنی وہ عش عش کر اُٹھا۔ ’’ العربیہ ڈاٹ نیٹ‘‘ کے مطابق یاسر شاہین نے امریکی شہر ڈیلاس کی مساجد میں مسلمان بچوں کو قرآن کی آیات اور لہجے کے اصول سکھانے کی خدمت بھی انجام دی ہے۔

قاری یاسر کا کہنا تھا کہ قاری بن کر میں نے اپنی والدہ کی خواہش پوری کی ہے جس کے لیے پہلے اللہ کے آخری پیغام قرآن کو اپنے سینے میں محفوظ کیا اور ساتھ ساتھ اس عظیم کتاب کی قرات کے مختلف انداز سیکھتا رہا۔

قاری یاسر نے کیلی فورنیا کی سان ہوزے یونیورسٹی میں درس و تدریس سے وابستہ رہے اور اسلامی ممالک کے ٹیلی ویژن چینلز پر متعدد پروگراموں میں حصہ لیا۔علاوہ ازیں 130 سے زیادہ دستاویزی پروگراموں اور 14 دستاویز فلموں کی تیاری کی نگرانی بھی کی۔

قرات کے عالمی مقابلے “عطر الکلام” میں 50 ہزار سے زائد قاری حصہ لے رہے ہیں جن میں سے 50 افراد حتمی مرحلے میں پہنچے ہیں۔

دونوں مرحلوں کے پہلے 10 ، 10 پوزیشن ہولڈرز کو 12 ملین ریال سے نوازا جائے گا۔تلاوت قرآن کریم کی کیٹگری میں پہلی پوزیشن پر آنے والے کے لیے 30 لاکھ ریال جب کہ اذان میں پہلی پوزیشن لینے والے کو 20 لاکھ ریال انعام سے نوازا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں: