اس وقت اتحاد کی ضرورت ، سیاسی لڑائی بعد میں بھی لڑ سکتے ہیں، وزیراعظم کاپیغام

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گرد اپنی مذموم کارروائیوں کے ذریعے عوام میں خوف و ہراس پھیلانا چاہتے ہیں اور دہشت گردی اور عسکریت پسندی کے خلاف ہماری محنت سے حاصل کردہ کامیابیوں کو پلٹنا چاہتے ہیں۔

ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی قوتوں کو میرا پیغام پاکستان دشمن عناصر کے خلاف اتحاد کا ہے، ہم اپنی سیاسی لڑائی بعد میں لڑسکتے ہیں۔علاوہ ازیں وزیراعظم سے یو این ای پی کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر انگراینڈرسن نے ملاقات کی۔

وزیر اعظم نے یو این ای پی کی طرف سے کئے جا رہے کام کی تعریف کی اور موسمیاتی تبدیلی، حیاتیاتی تنوع کے نقصان اور ماحولیاتی نظام کے انحطاط کو زیادہ مؤثر طریقے سے حل کرنے کے لئے کوششوں کو بڑھانے پر زور دیا۔مزیدبرآں وزیراعظم سے وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید شاہ، وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ وتحقیق طارق بشیر چیمہ، قائم مقام گورنر بلوچستان جان محمد جمالی اور سینیٹر ثنا جمالی نے ملاقات کی۔

وزیر اعظم نے کہا بلوچستان کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے،بلوچستان کی محرومیوں کو معاشی ترقی اور نوجوانوں کو یکساں مواقع فراہم کرکے دور کریں گے۔