کراچی : وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہاہے کہ دہشتگردی کی بزدلانہ کارروائیوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوں گے ۔ انہوں نے پولیس ہیڈ کوارٹر میں شہید ہونے والے اہلکاروں کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور ان کے جسد خاکی کو اپنی نگرانی میں آخری آرام کی جانب روانہ کیا۔
وزیرا علیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ پولیس،رینجرزاورپارک آرمی نے کے پی او پرحملہ کرنیوالوں کا بڑی بہادری سے مقابلہ کیا اورانہیں ہلاک کیا،شہداء کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائینگی،کے پی او کے سویپراجمل مسیح نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے ثابت کردیا کہ دشمن کیخلاف لڑنے کیلئے کسی عہدہ یا ذمہ داری کی ضرورت نہیں۔
اس موقع پر آئی جی سندھ نے شہداء کے ورثاء سے ہمدردی اورتعزیت کا اظہارکرتے ہوئے شہداء کو داد شجاعت دی اورانکی محکمانہ خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا،انکا کہنا تھا کہ دہشت گردانہ حملے کیخلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوارکی مانند کھڑے ہوکرملک اورسماج دشمن عناصر کو دندان شکن جواب دینا اورانہیں جہنم واصل کرنا جرأت اور بہادری کا سنہری باب بن چکا ہے۔
