کراچی : پاکستان تحریک انصاف کراچی کی جانب سے چیئرمین عمران خان کی کال پر پارٹی مرکز انصاف ہاؤس کے باہر جیل بھرو تحریک کے حوالے سے ساتوں اضلاع کے الگ الگ رجسٹریشن کیمپ لگائے گئے۔ کراچی کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے کارکنان اور خواتین نے بڑی تعداد نے اپنے متعلقہ اضلاع کے کیمپ پر رجسٹریشن کروائی۔
جیل بھرو تحریک کی رجسٹریشن میں کارکنان کے ساتھ ساتھ پارٹی قیادت اور اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سمیت کراچی کے شہریوں نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی سندھ کے صدر و سابق وفاقی وزیر علی زیدی کا کہنا تھا کہ جیل بھرو تحریک کی رجسٹریشن کے عمل میں کارکنان بے حد پر جوش ہیں۔ تحریک انصاف کا ہر کارکن چیئرمین عمران خان کی کال پر آج رجسٹریشن کے لیے یہاں پہنچا ہے۔ امپورٹڈ حکومت آنکھیں کھول کر یہ جم غفیر دیکھ لے، یہ تمام کارکنان ملک کی بقاء اور سلامتی کی خاطر بلا خوف و خطر جیلوں میں جانے کے لیے تیار ہیں۔ ملک کے بڑے بڑے چوروں اور ڈاکووں کو عمران خان نے اپنے دور میں پابند سلاسل کر کے انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا۔ عمران خان کا اصل مقصد ملک کے تمام اداروں کو خودمختار اور غیر سیاسی بنانا ہے۔
علی زیدی نے مزید کہا کہ جیل بھرو تحریک کے آگے امپورٹڈ حکومت اب زیادہ دیر ٹک نہیں پائے گی۔ عمران خان نے انکی راتوں کی نیندیں حرام کی ہیں، اب ہم انہیں دن میں بھی چین نہیں لینے دیں گے۔
اس موقع پر سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ ہمارے لیڈر عمران خان کی آواز پر ورکرز نے لبیک کہا ہے۔ ابھی عمران خان نے عوام کی کال نہیں دی، اس ملک کے سروے بتاتے ہیں مقبول ترین لیڈر اس وقت عمران خان ہیں۔ 11 سے 12 فیصد لوگ بلاول مریم و دیگر ٹولے کے حامی ہیں۔ یہ الیکشن سے خوفزدہ ہیں ہم ان سے الیکشن کی تاریخ لیں گے۔ ان کی بدمعاشی کے باوجود عمران خان کامیاب ہوکر اقتدار میں آئیں گے۔
