چکوال،کلرکہار: موٹروے سالٹ رینج پرباراتیوں سے بھری بس حادثے کاشکارہوگئی۔3خواتین اوربچے سمیت12افرادجاں بحق اور65زخمی ہوگئے۔
بتایاگیاہے کہ موٹروے سالٹ رینج پر حادثہ کا شکار ہونے والی بدقسمت بس گلبرگ لاہورسے بارات لے کر راولپنڈی گئی تھی،واپسی پر کلرکہار موٹروے سالٹ رینج ایریا میں بس ٹائر پھٹنے کے بعد کئی گاڑیوں سے ٹکرائی اور الٹ گئی۔
ذرائع کے مطابق 52سیٹربس میں 86افرادسوارتھے،جاں بحق اورزخمی ہونیوالوں میں سے اکثریت کاتعلق لاہوراورایک ہی خاندان سے ہے،حادثے کے وقت کسی کو بھی باہر نکلنے کا وقت مل سکا اور نہ ہی تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور گاڑی کو قابو کرسکا، ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق بریک فیل ہونے سے بس الٹ گئی تھی جس کے باعث مخالف سمت سے آنے والی دو کاریں اور ایک سوزوکی پک اپ بھی زد میں آگئیں۔
حادثے کے بعد ریسکیو 1122 کے رضاکار جائے وقوعہ پہنچے اور لاشوں و زخمیوں کو نکال کر قریبی ہسپتال منتقل کیا،ڈپٹی کمشنر چکوال قرۃ العین ملک موٹروے جائے حادثہ پر پہنچ گئیں۔
ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق بیشتر زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے جنہیں کلرکہار کے ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا۔کئی افرادکوبس کی باڈی کاٹ کرباہرنکالا گیا۔عینی شاہدین کےمطابق ٹائر پھٹنے کے بعد بس بے قابو ہوکر گاڑی سے ٹکرائی اور حفاظتی دیوار توڑتی ہوئی دوسری روڈ پر آئی، بے قابو مسافر بس نے مخالف سمت سے آنے والی کئی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایا اور پھر گہرائی میں جاگری۔ترجمان موٹروےپولیس کے مطابق اندھیرے کے باعث امدادی سرگرمیوں میں مشکلات کاسامنا کرناپڑا۔
