اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کوئی ایسا خاندان نہیں جس کا ایسا بے رحمانہ احتساب ہوا ہو لیکن مخالفین جتنے بھی جتن اور سازشیں کر لیں ناکام و نامراد رہیں گے۔
جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ میرے تمام اثاثوں کی دستاویزات الیکشن کمیشن اور سپریم کورٹ کے پاس موجود ہیں لیکن آج میں نے ایک بار پھر یہ تمام دستاویزات جے آئی ٹی کے سامنے پیش کردیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کا دن قانون کی عملداری کے لئے سنگ میل کا درجہ رکھتا ہے، میں نے، ہماری حکومت نے اور سارے خاندان نے اپنے آپ کو احتساب کے لئے پیش کر دیا ہے۔

وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ میں نے بہت پہلے ہی کمیشن بنانے کا کہہ دیا تھا لیکن اگر سیاسی مخالفین سازشیں نہ کرتے تو آج یہ نوبت ہی نہ آتی، شریف خاندان کا احتساب میری پیدائش سے بھی پہلے 1936 سے ہو رہا ہے، اس سے پہلے ہمارا احتساب 1972 میں پیپلز پارٹی کے دور میں بھی ہوا اور ہمارا احتساب مشرف کی آمریت نے بھی کیا، اس بے دردی سے ہمارا احتساب کیا گیا کہ ہمارے گھروں پر بھی قبضہ کر لیا گیا، اگر ہم پر کرپشن ثابت ہو جاتی تو مشرف کو مجھے سزا دلوانے کیلئے ہائی جیکنگ کے جھوٹے مقدمے کا سہارا نہ لینا پڑتا۔



