کراچی: ڈی آئی جی سی آئی اے امین یوسف کا کہنا ہے کہ لاپتا ہونے والے 19 بچوں کے علاوہ تمام مل چکے ہیں، کراچی سمیت سندھ بھر سے 58 بچے لاپتا ہوئے تھے۔
تفصیلات کے مطابق اے آر وائی کے پروگرام سوال یہ ہے میں گفتگو کرتے ہوئے امین یوسف نے کہا کہ شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ بچوں کے اغوا کے سلسلے میں کسی بھی خبر پر کان نہ دھریں۔
سی آئی اے کے ڈی آئی جی کا کہنا تھا کہ ان کے پاس ایک بچہ کل فیصل آباد سے آیا ہے، وہ سات ماہ سے مسنگ تھا، وہ کلفٹن میں اپنے والد سے ناراض ہو کر چلا گیا تھا، تو اغوا اور گم شدگی کے واقعات میں فرق ہے۔
ڈی آئی جی سی آئی اے نے مزید کہا کہ اندرون سندھ بچوں کے اغوا کی 11 ایف آئی آر درج ہوئیں ہیں، عوام سوشل میڈیا پر چلنے والی افواہوں پر یقین نہ کریں۔
خیال رہے کہ کراچی میں بچوں کے اغوا کی وارداتوں میں تشویش ناک حد تک اضافہ ہوچکا ہے، چار دن قبل نجی اسکولوں کو بھی ڈائریکٹوریٹ آف پرائیویٹ انسٹی ٹیوشن کی جانب سے بچوں کی سیکورٹی کے لیے ہدایات جاری کی گئیں۔
