مہمند ڈیم کی تعمیر کا ٹھیکہ چینی کمپنی چائنہ گزوبہ گروپ اور ڈیسکون کو مشترکہ طور پر دیدیا گیا ہے۔
اسلام آباد کے واپڈا ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں ٹھیکہ دینے کا باضابطہ اعلان کیا گیا۔
کنٹریکٹ پر دستخط کرنے کی تقریب واپڈا ہائوس میں ہوئی، پی سی وَن کے مقابلے میں 18 ارب روپے نیلامی کی بچت ہوئی، حتمی کنٹریکٹ کی مالیت تقریباً 183 ارب 52کروڑ روپے ہے۔
ترجمان واپڈا کا کہنا تھا کہ مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ 5 سال 8 ماہ میں مکمل ہوگا، ڈیم میں 1.2 ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ ہوگا جس سے 800 میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی۔
ڈیم کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد پشاور کو پینے کے لیے یومیہ 300 ملین گیلن پانی فراہم کیا جاسکے گا، اس کے علاوہ ڈیم کی تعمیر سے پشاور، چار سدہ اور نوشہرہ میں سیلاب کی روک تھام میں مدد ملے گی۔
