کراچی سے تعلق رکھنے والے صحافی شاہزیب جیلانی کے خلاف دائر کیس پر عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے مقدمے کو عدم ثبوت کی بنیاد پر بند کردیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کی مقامی جوڈیشل مجسٹریٹ (جنوبی) کی عدالت میں شاہ جیلانی کے خلاف دائر کیس کی سماعت ہوئی جس میں ایف آئی اے سمیت دیگر تفیتیشی حکام شریک ہوئے۔
فیڈرل انویسٹی گیشن کی جانب سے گزشتہ دو سماعتوں سے رپورٹ اور شواہد فراہم کرنے کے لیے وقت مانگا گیا، آج کی سماعت پر صحافی کے خلاف جن ٹھوس شواہد پیش کرنے کا دعویٰ کیا تھا مگر اُس میں بھی ناکامی کا سامنا رہا۔۔
دورانِ سماعت عدالت نے ریمارکس دیے کہ ایف آئی اے ملزم کے خلاف ٹھوس شواہد فراہم کرنے میں ناکام رہی لہذا صحافی شاہ زیب جیلانی کے خلاف سائبر دہشت گردی، الیکڑونک جعل سازی اور ریاستی اداروں کے خلاف نامناسب الفاظ استعمال کرنے سے متعلق مقدمہ عدم ثبوت کی بنا پر ختم کرتے ہوئے اسے سی کلاس قرار دیا جارہا ہے۔
