پاک بحریہ کے ترجمان کے مطابق امریکا کے بحری جہاز میسن نے پاکستان کا دورہ کیا اور کراچی کی بندرگاہ پر لنگر انداز ہوا۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق کراچی آمد پر جہاز کا روایتی انداز میں استقبال کیا گیا، دورے کے دوران دونوں ممالک کے جہازوں کے عملے کے درمیان پیشہ ورانہ اُمور پر تبادلہ خیال سمیت مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔ دونوں ممالک کی بحری افواج سمندر میں آزادانہ تجارتی نقل و حمل اور خطے میں میری ٹائم سیکیورٹی کے قیام میں کوشاں ہیں۔
بحریہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ علاقائی میری ٹائم سکیورٹی کے لیے پاک بحریہ 2004سے کولیشن میری ٹائم کمپین(CMCP)میں سرگرم کردار ادا کر رہی ہے، اس کے ساتھ ساتھ پاکستان نیوی ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پٹرول کا بھی آغاز کیا جس کا مقصد خطے کی سیکیورٹی کو یقینی بنانا ہے۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق امریکی بحری جہاز کے دورے سے دونوں ممالک کی بحری افواج کے مابین تعلقات مستحکم اور مضبوط ہوں گے۔
