کراچی: قانون نافذ کرنے والے اداروں نے رات گئے ایم کیو ایم لندن کے اہم رہنما اور سابق ایم این اے نثار پنہور کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ ذرائع کے مطابق سابق ایم این اے کو گلستان جوہر میں واقع اُن کے فلیٹ سے حراست میں لیا گیا، نثار پنہور سابق ایم این اے اور صوبائی وزیر رہ چکے ہیں۔
اطلاع ہے کہ نثار پنہور نے حال ہی میں اندرون سندھ میں ہونے والی قوم پرست تنظیم جسمم کی ریلی میں شرکت کی جس میں بانی ایم کیو ایم کی تصاویر اور پاکستان مخالف نعرے بازی کی گئی، جسمم کے چیئرمین شفیع برفت نے بانی ایم کیو ایم کی سربراہی میں سندھ کو آزاد کرنے کا اعلان بھی کیا ہے، یہ ریلی اُسی سلسلے کی کڑی تھی۔
نثار پنہور کو ایم کیو ایم لندن کی جانب سے خاص طور پر ریلی کے انعقاد اور اس میں شرکت کی ہدایت کی گئی تھی، حال ہی میں ایم کیو ایم کے بانی اور شفیع برفت نے مل کر سندھ متحدہ محاذ کے نام سے ایک تنظیم بنانے کا بھی اعلان کیا۔
یاد رہے کہ جی ایم سید کے ماننے والے سندھ کی آزادی کی تحریک چلا رہے ہیں اور اُن کا مطالبہ ہے کہ سندھ کو پاکستان سے علیحدہ کیا جائے۔
