کرونا کیسز کی تعداد 96، کیا کراچی لاک ڈاؤن ہوگا؟ حقیقت سامنے آگئی

ایک نامعلوم کالر نے وسیم اختر کے نام سے جعلی کال کر کے کراچی کو لاک ڈاؤن کرنے کا حکم دیا جس کے بعد ہرطرف افراتفری پھیل گئی، ذرائع کے نمائندے نے جب میئر کراچی کے پرسنل سیکریٹری سے بات کی تو انہوں نے کچا چٹھا بتا دیا۔

میئر اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ترجمان کا شہر قائد کولاک ڈاؤن کرنے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے اس قسم کی افواہیں سماج دشمن عناصر پھیلا رہے ہیں۔ میئر کراچی کے ترجمان نے جعلی فون کال کی حقیقت بیان کرتے ہوئے کہا کہ وسیم اختر کی آواز بنا کر کراچی لاک ڈاؤن کرنے کی گفتگو میں کوئی حقیقت نہیں کیونکہ میئر نے ایسی کوئی گفتگو کی اور نہ ہی احکامات جاری کیے۔

ترجمان بلدیہ عظمیٰ کراچی کا کہنا ہے کہ فون کال جیسی گھناؤنی حرکت سماج دشمن عناصر کی ہے لہذا شہری ہوشیار رہیں اور افواہوں پر کان نہ دھریں۔

اس سے قبل بھی کراچی کو لاک ڈاؤن کرنے کی خبریں زیر گردش رہی تھیں جس کے بعد صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے سخت ردعمل دیتے ہوئے ایف آئی اے سے ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانے کی ہدایت کی تھی۔

یاد رہے کہ سندھ میں کرونا کے مزید کیسز سامنے آئے جس کے بعد مریضوں کی تعداد 76 ہوگئی جبکہ پاکستان بھر میں مجموعی تعداد 96 تک پہنچ گئی ہے۔