یوٹیلٹی اسٹورز پر چینی نایاب، عوام پریشان، انتظامیہ سے تلخ کلامی
کراچی: شہر قائد میں یوٹیلٹی اسٹورز پر حکومت کی جانب سے فراہم کردہ ریلیف عوام کی پہنچ سے دور ہوگیا، یوٹیلٹی اسٹورز پر چینی نایاب ہوگئی، اسٹور انتظامیہ اور شہریوں میں تلخ کلامی روز کا معمول بن گئی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے شہری رمضان المبارک سے قبل ہی مہنگی چینی خریدنے پر مجبور ہوگئے، یوٹیلٹی اسٹورز پر چینی نایاب ہوگئی اور عوام عام دکانوں سے مہنگے داموں چینی خرید کر گزارہ کرنے لگے، ابوالحسن اصفہانی روڈ قائم یوٹیلٹی اسٹورز پر شہریوں اور اسٹورز عملے میں تلخ کلامی روز کا معمول بن گئی۔
فرحان نامی شہری نے ذرائع نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’تین دن سے یوٹیلٹی اسٹورز کے چکر لگا رہا ہوں، عملے کی جانب سے کبھی کہا جاتا ہے چینی شام کو آئے گی، کبھی کہتے ہیں صبح آئے گی، روز روز کے چکر لگا کر تنگ آگیا ہوں۔
ایک شہری کا کہنا تھا کہ چینی یوٹیلٹی اسٹورز میں وافر مقدار میں موجود ہے لیکن اسٹور عملے اور عام دکانداروں کی ملی بھگت سے عوام تک نہیں پہنچ پاتی اور دکاندار پہلے ہی اسٹورز سے چینی خرید کر ذخیرہ کرلیتے ہیں۔
ایک اور شہری کا کہنا تھا کہ ’یوٹیلٹی اسٹورز پر چینی ہی نہیں آٹا بھی غائب ہے، عام دکانوں سے چینی 90 روپے اور آٹا 600 روپے کا دس کلو مجبوراً خریدا ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے رمضان المبارک سے قبل ہی عوام کو ریلیف فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا اور یوٹیلٹی اسٹورز پر دالیں، چاول، گھی، چینی، آٹا سمیت متعدد اشیا میں سبسڈی دی تھی لیکن عوام عام دکانوں سے مہنگے داموں اشیا خریدنے پر مجبور ہیں۔