صحافی ولی خان بابر کے قتل میں ملوث ایم کیو ایم کا کارکن گرفتار

کراچی پولیس نے جیو نیوز سے وابستہ صحافی ولی خان بابر کے قتل میں ملوث ایم کیو ایم کے مفرور کارکن کو گرفتار کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ذرائع نیوز کے نمائندے کو پولیس سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق پولیس نے ولی خان بابر کے قتل میں ملوث ایم کیو ایم کے مفرور کارکن ذیشان عرف شانی کو گرفتار کیا جو 2014 سے مفرور تھا اور خصوصی عدالت کی جانب سے اُسے پھانسی کی سزا سنائی گئی تھی۔
پولیس ذرائع نے بتایا ذیشان عرف شانی کے قریبی ساتھی فیصل موٹا کو بھی گرفتار کیا گیا، یاد رہے کہ فیصل موٹا کو پولیس نے 2016 میں ایم کیو ایم کے مرکز 90 پر پڑنے والے چھاپے میں گرفتار کیا تھا جس کے بعد سے فیصل موٹا لاپتہ تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ذیشان عرف شانی نے ولی بابر پر فائرنگ کی تھی، ملزم ولی بابر قتل کیس میں مفرور تھا۔
ذیشان کو خصوصی عدالت نے مارچ 2014 میں مفروری میں سزائے موت سنائی تھی، ذیشان کے ساتھ فیصل موٹا کو بھی مفروری میں سزائے موت سنائی گئی تھی، فیصل موٹا 11 مارچ 2015 کو نائن زیرو پر چھاپے کے دوران گرفتار ہوا تھا۔
ذیشان شانی کی گرفتاری کا اعلان کراچی پولیس چیف آج پریس کانفرنس میں کریں گے۔
جیو نیوز کے رپورٹر ولی بابر کو 13 جنوری 2011 کو شہید کیا گیا تھا، ولی بابر کو دفتر سے واپس گھر جاتے ہوئے لیاقت آباد میں نشانہ بنایا گیا۔
مارچ 2014 میں خصوصی عدالت نے دیگر 4 ملزمان کو عمر قید کی سزا سنائی تھی، ملزمان میں علی رضوی، شاہ رخ، نوید عرف پولکا اور فیصل محمود شامل ہیں۔
