کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر بڑا ایکشن، ماسک نہ لگانے والے 13 شہریوں پر 35 ہزار روپے جرمانہ
کراچی: کمشنر کراچی افتخار شالوانی کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے کرونا ایس او یپز کی خلاف ورزیوں پر سخت ایکشن لیا اور کئی دکانیں، ہوٹل، بازار سیل کردیے جبکہ ماسک نہ پہننے پر شہریوں کو جرمانہ اور سخت وارننگ بھی دی گئی۔
کمشنر کراچی کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے شہر بھر میں کارروائی کرتے ہوئے ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے شادی ہالوں، مالز، مارکیٹوں اور تعلیمی اداروں کے خلاف کارروائیں کیں، ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 7 شادی ہالز مالکان کو وارننگ جبکہ ایک پر چار لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
اسی طرح شہر بھر میں ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر 8 ریسٹورنٹس کو سیل کیا گیا جبکہ 39 کو سخت وارننگ دی گئی اسی طرح 7 ریسٹورنٹس پر 4 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
کمشنر کراچی کے ترجمان نے بتایا کہ کرونا ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والی مارکیٹوں ، دکانداروں کے خلاف بھی کارروائیاں ، شہر بھر میں قائم 13 مارکیٹوں پر چھاپہ مارا گیا جہاں 21 کو وارننگ جبکہ چار مارکیٹوں اور مالز پر 7 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ نے ماسک نہ پہنے والوں کے خلاف بھی کارروائیوں میں سختی کردی جس کے تحت گزشتہ روز ماسک نہ پہنے والے 13 افراد پر 35 ہزار کا جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ 28 کو وارننگ دے کر ماسک لازمی پہنے کی ہدایت کی گئی۔
ضلع کورنگی
ایس او پیز وا سماجی دوری کا خیال نہ رکھے جانے پر کورنگی ضلعی کی انتظامیہ بھی حرکت میں آئی اور کورنگی نمبر 4 موباٸل مارکیٹ کو سیل کردیا گیا جبکہ ملیر کے مختلف علاقوں میں دکانداروں، سبزی و گوشت مارکیٹوں پر چھاپے مارے گئے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر ملیر گنہور علی لغاری نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کرونا کے حوالے سے جاری ہونے والے قواعد و ضوابط پر عمل کیں کیونکہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
ضلع جنوبی
ڈپٹی کمشنر ساؤتھ کی ہدایت پہ کرونا ایس او پیز پر عمل نہ کرنے پر بدر کمرشل اور صدر کے علاقوں میں سخت کاروائی کی گئی جس کے تحت دس سے زائد دکانداروں پر بھاری جرمانہ عائد کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر ارشاد سودرھر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ایس او پیز پر عمل کریں، خلاف ورزی کرنے والے کسی بھی شخص کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔
