کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر عاصم حسین کی طبی وجوہات کی بنا پر ضمانت منظور کر لی ہے۔
پاکستانی کے سرکاری میڈیا کے مطابق بدھ کے روز کراچی میں فیصلہ دیتے ہوئے انھیں 25، 25 لاکھ کے دو مچلکے بطور زرِ ضمانت جمع کرنے کا حکم دیا۔
ڈاکٹر عاصم کے خلاف 462 ارب روپے کی بدعنوانی کے الزام کے تحت مقدمات قائم ہیں۔
ان کے وکلا کا موقف تھا کہ ڈاکٹر عارضۂ قلب سمیت مختلف بیماریوں میں مبتلا ہیں اس لیے انھیں علاج کی خاطر ضمانت کی ضرورت ہے۔
اس سے قبل گذشتہ برس دسمبر میں سندھ ہائی کورٹ نے دہشت گردوں اور ٹارگٹ کلروں کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنے کے مقدمے میں بھی ڈاکٹر عاصم حسین کی ضمانت منظور کر لی تھی۔
البتہ عدالت نے انھیں بیرون ملک سفر کرنے کی اجازت نہں دی تھی اور حکم دیا تھا کہ وہ اپنے پاسپورٹ عدالت میں جمع کرائیں۔
بشکریہ بی بی سی اردو