کراچی:دنیا بھر میں مسیحی برادری مذہبی تہوار کرسمس آج جوش و خروش سے منارہی ہے۔ کرسمس تقریبات کا آغاز ہوگیا۔
کراچی میں گرجا گھروں میں عبادات و دعائیہ تقریبات کا اہتمام کیا جارہا ہے، عبادتوں کا سلسلہ صبح 8 بجے سے شروع ہوکر رات 11بجے تک جاری رہے گا، گرجا گھروں میں سانتا کلاز بچوں میں ٹافیاں، کھلونے اور تحائف تقسیم کررہے ہیں، گھروں میں لذیذ پکوانوں سے مہمانوں کی تواضع کی جارہی ہے، دعائیہ تقریبات میں ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جارہی ہیں،
کرسمس ڈے پر گرجا گھروں کی سیکورٹی سخت کردی گئی، تمام سیکورٹی پوائنٹس کو چیک کیا گیا، مسیحی آبادیوں کے اطراف پولیس، رینجرز کے جوان پیٹرولنگ کررہے ہیں، پولیس حکام کے مطابق سندھ بھر میں سیکورٹی ہائی الرٹ ہے، شہریوں کو بھرپور سیکورٹی فراہم کی جارہی ہے۔
صدر مملکت عارف علوی نے کرسمس پر مسیحی بھائیوں کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ دن ہمیں حضرت عیسیٰ ؑ کی محبت، امن، رواداری اور انسانیت کیلئے تبلیغ کی گئی اقدار کی یاد دلاتا ہے، حکومت اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے پُرعزم ہے، پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے سربراہ آصف زرداری نے کرسمس پر مسیحی قوم کو مبارکباد دی اور کہا کہ ملکی ترقی میں مسیحی برادری کے کردار کو فراموش نہیں کیا جاسکتا ۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد اور نیک نیک خواہشات کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ 73ء کا آئین ہر شہری کو یکساں حقوق کی ضمانت دیتا ہے۔
پی ایس پی چئیرمین مصطفیٰ کمال نے مسیحی عوام کو کرسمس کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام نے دنیا کو امن، محبت اور انسانیت کا درس دیا، مذہبی رواداری کے پیغام کو عام کرنا ہوگا، ایم کیو ایم پاکستان کے اراکین رابطہ کمیٹی نے کرسمس پر مسیحی برادری کو مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں، انہیں مکمل آزادی حاصل ہے۔
