قائداعظم محمد علی جناح ؒ کا یوم پیدائش آج ، ملک بھر میں خصوصی تقاریب

کراچی،لاہور:بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کایوم پیدائش آج جوش وجذبے اوروطن عزیزکے دفاع کے عہد کیساتھ منایا جائیگا،ملک بھرمیں تقریبات منعقد اورکیک کاٹے جائیں گے۔

قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کو بھرپورانداز میں خراج عقیدت بھی پیش کیا جائیگا،وفاقی دارالحکومت میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی دی جائیگی،مزارقائد پرگارڈزکی تبدیلی کی پروقارتقریب منعقد ہوگی جس میں گورنر،وزیراعلیٰ سندھ،اعلیٰ حکومتی،عسکری اورسیاسی شخصیات شرکت کریںگی،مزار قائد پرپھولوں کی چادریں چڑھائی جائیں گی اورفاتحہ خوانی ہو گی۔

دن کا آغازنمازفجرکے بعد خصوصی دعاؤں اورقائد کی روح کے ایصالِ ثواب کیلئے فاتحہ خوانی سے کیا جائیگا،پوری قوم 25 دسمبرکو قائد اعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کریگی اورکراچی سمیت ملک بھرمیں تقریبات کا انعقاد کیا جائیگا،یوم قائد اعظم کی مناسبت سے کراچی سمیت ملک بھرمیں سیمینار، کانفرنسزاورمذاکروں کا اہتمام کیا جائیگا۔

صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی نے یوم قائد پراپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج ہم اپنے آپ سے یہ عہد بھی کرتے ہیں کہ صحیح وقت پردرست فیصلے کریں گے اورقائد اعظم کے فرمودات پرعمل کرتے ہوئے ملک میں استحکام پیدا کرنیکی پالیسیوں کے تسلسل کو یقینی بنائیں گے،آیئے ہم اپنی صفوں میں اتحاد،ایمان اور نظم و ضبط پر عمل کرتے ہوئے خوشحالی اورترقی کی طرف سفرکریں۔

سابق صدرآصف زرداری نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی قائداعظم کے فلسفے کو اسکی روح کے مطابق ملک کوجمہوری اورفلاحی ریاست بنانے پر ثابت قدم ہے،بانی پاکستان جمہوریت پسند اورروشن خیال قائد تھے،پیپلزپارٹی کے چیئرمین اوروزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے قائداعظم محمد علی جناح کے جمہوریت، مساوات،آئین کی پاسداری اورقانون کی حکمرانی سے متعلق تصورات کو مشعلِ راہ قراردیتے ہوئے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ پیپلزپارٹی ملک کو قائداعظم محمد علی جناح کے ویژن کے عین مطابق جمہوریت کومضبوط،قانون کی حکمرانی اورانسانی حقوق کی پاسداری کوناقابلِ تسخیر بنانیکی جدوجہد جاری رکھے گی

۔متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینرڈاکٹرخالد مقبول صدیقی نے قائد اعظم کوخراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج قوم بانی پاکستان کا یوم ولادت اس عہد کی تجدید کیساتھ منارہی ہے کہ ہمیں پاکستان کو بانیان پاکستان کے افکاراورخیالات کے مطابق فلاحی مملکت بنانا ہے اوراس کیلئے سیاسی جدوجہد جاری رکھی جائیگی۔

پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پی ایس پی کرداراورکارکردگی کی بلندی سے بانی پاکستان کے اسلامی فلاحی ریاست کے تصورکی تکمیل کریگی،ہم ان شاء اللہ پاکستان کو ایسا ملک بنائیں گے جہاں ہرطبقے کوانکے بنیادی حقوق دہلیزپرمیسرہونگے۔