نئی دہلی: گلوکار عدنان سمیع نے کہا ہے کہ جب میں نے بھارتی شہریت کیلئے درخواست دی تو بہت تنقید ہوئی، کچھ لوگوں نے بہت برا بھلا کہا اور جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی ملیں۔ بی بی سی کو انٹرویو میں گلوکار نے بتایا جو کچھ لوگوں نے میڈیا میں سنا وہ حقیقت نہیں، اصل کہانی کچھ اور ہے جسے سن کر سرحد کے دونوں طرف کے لوگ حیران رہ جائیں گے۔
عدنان نے مزید بتایا کہ میں نے پانچ سال کی عمر میں میوزک شروع کیا،گھر میں کسی کا تعلق بھی گلوکاری سے نہیں تھا تو یہ ایک منفرد چیز تھی کیونکہ والد ایک سفارتکار تھے اور دادا افغانستان کے پانچ صوبوں کے گورنر تھے۔
ان کاکہنا تھاکہ میں اپنے خاندان کیساتھ پرتگال میں رہتا تھا اور میرے سکول میں بی بی سی کے نامہ نگاروں کے بچے بھی پڑھتے تھے،اسکول میں ٹیلنٹ شو ہوتا تھا تو بی بی سی کے ایک صحافی نے میرے والد کو بتایا کہ اس میں ٹیلنٹ ہے میں اس پر شو کرنا چاہتا ہوں تو انہوں نے میرا انٹرویو کیا، یہ میرا پہلا میوزک ڈیبیو تھا۔
انہوں نے کہامیڈیا نے میرے بارے میں 10فیصد بھی سچ نہیں بتایا، بہت سے لوگوں نے غلط سنا اور اسے سچ مان لیا،جب صحیح وقت آئے گا تو اس پر بات کروں گا۔
