لاہور، دیر بالا ، اسلام آباد :جمعہ کو ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک ، بالائی علا قوں اور شمالی بلوچستان میں شدید سرد رہا۔ دیر بالا میں برفانی تودے تلے دب کر جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 5 ہوگئی ، لاشیں نکال لی گئیں۔
ریسکیوحکام کے مطابق گزشتہ روزکندسمسوکے مقام پر4افرادبرفانی تودے کے نیچے دب گئے تھے۔ جاں بحق ہونیوالوں میں باپ بیٹابھی شامل ہیں جبکہ ایک شخص کی لاش کی تصدیق نہیں ہوسکی۔
کم سے کم درجہ حرارت کالام منفی 16، زیارت منفی12، لہہ منفی 11،چترال منفی 09، استور،قلات منفی 08، کوئٹہ،مستونگ منفی07،مسلم باغ،مالم جبہ منفی06، میرکھانی،دیر،دروش اورپشین میں منفی 05 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ لاہور3، سرگودھا3، فیصل آباد 2، ملتان 3، ساہیوال5،بہاولپور3 اور راولپنڈی میں کم از کم درجہ حرارت 4 سنٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
بالائی علاقوں میں برفباری سے لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ ملک کے مغربی اور بالائی علاقوں میں ہفتہ تا پیر پہاڑوں پر برفباری کے ساتھ بارش کا سلسلہ شروع ہو گا، مغربی ہواؤں کے زیر اثر علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ متوقع ہے جبکہ برفباری اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث سڑکیں بند ہونے کا خدشہ ہے۔ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے تمام متعلقہ محکموں اور اداروں الرٹ رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا ہفتے کے روز ملک کے مغربی حصوں میں داخل ہونے کا امکان ہے جو اتوار کو بالائی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیں گی اور یہ صورتحال پیر دوپہر تک برقرار رہ سکتی ہے۔
ملک بھر کے مختلف شہروں میں برفباری اور بارش ہونے کا امکان ہے۔ یہ بارش بالخصوص پنجاب اور خیبرپختونخوا کے بارانی علاقوں میں کھڑی فصلوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہو گی۔ آج 28 جنوری کی رات سے 30 جنوری کے دوران مری میں درمیانی سے شدید برفباری کا امکان ہے ۔سڑکوں کی بندش اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہو سکتا ہے۔
اسلام آباد،لاہور،گوجرانوالہ،گجرات،حافظ آباد،منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ،نارووال، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور جھنگ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔قصور،شیخوپورہ،ننکانہ صاحب، خوشاب، میانوالی اور سرگودھا میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے ۔ بھکر، لیہ، ملتان، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، ساہیوال، اوکاڑہ اور پاکپتن میں ہلکی بارش متوقع ہے۔
دھند کے باعث کراچی اور کوئٹہ سے آنے والی ٹرینوں کا شیڈول بری طرح متاثر ہو نے کا سلسلہ جاری ہے۔ ٹرینوں کے اپنی منزل مقصود پر گھنٹوں تاخیر سے پہنچنے کے باعث مسافروں کو دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا۔ کراچی سے براستہ فیصل آباد لالہ موسی جانے والی ملت ایکسپریس 3 گھنٹے 35 منٹ ،کراچی سے لاہور آنے والی بزنس ایکسپریس 2 گھنٹے 30 منٹ، کراچی سے لاہور آنے والی کراچی ایکسپریس 2 گھنٹے 25 منٹ ،کراچی سے براستہ فیصل آباد راولپنڈی جانے والی پاکستان ایکسپریس 3 گھنٹے 20 منٹ ،کراچی سے براستہ فیصل آباد پشاور جانے والی رحمان بابا ایکسپریس 2 گھنٹے 40 منٹ ،کراچی سے لاہور آکر پشاور جانے والی خیبر میل 1 گھنٹہ 40 منٹ لیٹ رہی۔
