کراچی:حکومت کی جانب سے پیٹرول بم گرائے جانے پرمختلف حلقوں نے شدید ردعمل کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام پرپیٹرول بم گراکرمہنگائی کا طوفان برپاکرکے غریبوں کا دیوالیہ نکال دیا گیا۔متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی ڈپٹی کنوینرنسرین جلیل نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے پرتشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے ملک میں مہنگائی کا نیا طوفان آئیگا،ملک کو معاشی مشکلات سے نکالنے کیلئے سارا بوجھ عوام پرڈالنا ظلم ہے۔
سابق وزیرخزانہ تحریک انصاف کے رہنما شوکت ترین نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کردیا اور کہا کہ ابھی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں مزید بڑھیں گی،حکومت گیس کی قیمت بھی بڑھائے گی،کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں میں 45 فیصد تک اضافہ ہوگا،حالیہ دنوں میں روپیہ 14 سے 15 فیصد تک گراوٹ کا شکارہوا ہے،انکا کہنا ہے کہ اداروں کو سوچنا چاہیئے کہ اس وقت ناگزیر ہے کہ عوامی مینڈیٹ والی حکومت آئے تاکہ سخت اوردرست فیصلے لے سکے۔
پی ٹی آئی سندھ کے صدر و سابق وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا کہ قیمتوں میں اضافہ مریم صفدرکی واپسی پرپاکستانیوں کو تحفہ ہے،امپورٹڈ حکومت کا جانا پورے ملک کی آوازبن چکی ہے،خرم شیرزمان کا کہنا ہے کہ پیٹرول مہنگا ہونے سے ہر چیز مہنگی ہوگی،پی ڈی ایم ٹولے کو گھر بھیجنا ضروری ہے،قائد حزب اختلاف سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ مریم نوازکی آمد کا تحفہ مہنگے پیٹرول کی صورت میں عوام کو دیا گیا،نااہل حکمرانوں نے غریب عوام سے دو وقت کی روٹی بھی چھین لی،پی ٹی آئی رہنماء بلال غفاراورملک شہزاد اعوان کا کہنا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 35٫35 روپے اضافہ کسی ظلم سے کم نہیں،سعید افریدی کا کہنا ہے کہ عوام کو نکلنا ہوگا ورنہ یہ امپورٹیڈ حکومت لمحہ بہ لمحہ پیٹرول کی قیمتیں بڑھاتے رہیں گے۔
چیئرمین سندھ یونائیٹڈ پارٹی و کنوینرسندھ ایکشن کمیٹی جلال محمود شاہ نے کہاہے کہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ مہنگائی کے ستائے عوام پربہت بڑا ظلم ہے،یہ مہنگائی نہیں تباہی ہے،کرپٹ ٹولوں نے ملک کی معیشت تباہ کردی ہے،جی ڈی اے کے سیکریٹری اطلاعات سردارعبدالرحیم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو عوام دشمن قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔
جی ڈی اے کے رکن سندھ اسمبلی نند کمارکا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھا کر عوام سے روٹی کا نوالہ چھینا جارہا ہے۔
امیرجماعت اسلامی سندھ و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا کہ یک مشت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ عوام پرظلم اورزندہ رہنے کا حق چھیننے کے مترادف ہے،جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ نے جماعت اسلامی لاڑکانہ کی جانب سے مہنگائی کیخلاف فاران کلب میں مہنگائی کیخلاف منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم حکومت نے مہنگائی بیروزگاری کے مارے ہوئے عوام پرڈرون حملہ کیا،موجودہ حکومت عوام کیلئے ڈراؤنا خواب بن چکی ہے،ڈاراورمریم کی واپسی عوام کیلئے سب سے بڑی نحوست ثابت ہوئی ہے۔
