کراچی ، لاہور : خیبر ایجنسی میں جعلی کرنسی تیار کرنے والے گروہ متحرک،متعلقہ انتظامیہ جعلی کرنسی تیار کرنے والے گروہ کے خلاف کارروائیاں کرنے میں ناکام ہوگئی۔
جس کے باعث ملک میں جعلی کرنسی تیار کر کے دوسرے صوبوں میں سمگل کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ ، ریلوے پولیس پشاور نے کینٹ ریلوے اسٹیشن پر کارروائی کرتے ہوئے لاکھوں روپے مالیت کی جعلی کرنسی اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی اور دو مسافروں جمشید خان اور فاروق اعظم کو گرفتار کر لیا ہے اور ان کے بیگ سے 3 لاکھ سے زائد کی جعلی کرنسی برآمد کرکے مقدمہ درج کر لیا ہے اور ان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی ہے ۔
بتایا گیا ہے کہ گرفتار ہونے والے ملزمان کا تعلق کراچی سے ہے اور وہ جعلی کرنسی لینے کے لئے خیبر ایجنسی آئے تھے جن کوٹرین میں سوار ہونے سے قبل ہی ریلوے پولیس نے گرفتار کر لیا ۔
ان کے بیگ سے ہزار روپے والے جعلی نوٹ برآمد کر لئے ۔ واضح رہے اس سے قبل بھی ریلوے پولیس نے مختلف اوقات میں کینٹ ریلوے اسٹیشن پشاور میں تین کارروائیوں کے دوران جعلی کرنسی اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی تھی اور ملزمان کو گرفتار کر لیا تھا۔
