کورنگی کے اسکول میں افسوسناک واقعہ ، خاتون ٹیچر نے بچے کاہاتھ توڑ دیا

کراچی: کورنگی ساڑھے تین نمبر پر واقع نجی اسکول کی خاتون ٹیچر نے دوسرے مضمون کی کتاب کھولنے پر مبینہ طور پرطالب علم پر ڈنڈے برسادیئے، 13 سالہ لڑکے کا بازو ٹوٹ گیا ہے۔

کورنگی کے ایک نجی اسکول السحر اکیڈمی میں خاتون ٹیچر نے اپنے مضمون کے بجائے دوسرے مضمون کی کتاب نکالنے پر 13 سالہ طالبعلم کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا، والدین کے مطابق بچے کا بازو فریکچر ہوگیا۔

تشدد کے شکار 13 سالہ عبدالرافق کا کہنا ہے کہ ٹیچر نے ایک موٹے ڈنڈے سے بار بار بازو پر مارا، جس کے بعد شدید تکلیف کے باوجود 2 گھنٹے تک اسکول میں ہی رکھا گیا، واقعہ 27 جنوری جمعہ کو صبح 9 بجے پیش آیا جبکہ والد کو بلا کر مجھے 11 بجے گھر بھیجا گیا، ٹیچر اور پرنسپل نے والدین کو بتانے سے بھی منع کیا تھا۔

متاثرہ بچے کے والد نے اسکول انتظامیہ اور ٹیچر کیخلاف مقدمے کے اندراج اور کارروائی کیلئے متعلقہ تھانے میں درخواست دیدی ہے واقعے کی اطلاع ملنے پر ڈائریکٹر پرائیوٹ اسکولز نے معاملے کا نوٹس لے لیتے ہوئے 4 رکنی تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی ہے۔