سندھ بھر میں بارش ،آسمانی بجلی گرنے سے 2 اموات،کراچی میں بوندا باندی

کراچی/جھڈو/گولارچی/گھوٹکی: اندرون سندھ مختلف علاقوں میں بارش،گرمی کا زورٹوٹ گیا،جھڈو کے نواحی علاقوں میں آسمانی بجلی گرنے سے 2 افراد دم توڑگئے۔

کراچی میں کئی مقامات پرہلکی بارش ہوئی،تفصیلات کے مطابق اندرون سندھ مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ ہفتہ کو بھی جاری رہا،جھڈو کے گردونواح میں موسلادھاربارش کے دوران دو مقامات پرآسمانی بجلی گرنے کے واقعات پیش آئے ہیں،مانجھی سومرو میں زرعی زمین پرکھیتی باڑی سے فارغ ہوکرگھر آنیوالے میاں بیوی پرآسمانی بجلی گرگئی جس سے بالچند کولہی موقع پرہلاک ہوگیا جبکہ اس بیوی کنورزخمی ہوگئی جبکہ دوسرے واقعہ میں نواحی گاؤں کوٹ میر جان محمد میں گھرپرآسمانی بجلی گرنے سے لعل جی کولہی ہلاک ہوگیا۔

جھڈو اورگردونواح میں مسلسل دس سے بارہ گھنٹوں تک بجلی منقطع کردی جاتی ہے جس سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہے دریں اثناء گولارچی سمیت ساحلی پٹی اوردیگرعلاقوں میں وقفے وقفے سے ہلکی اورتیزبارش کا سلسلہ شام گئے تک جاری رہا،جس سے تمام سڑکیں،گلیاں اورنشیبی علاقے زیرآب آگئے،بجلی غائب ہوگئی۔

ادھرگھوٹکی اورگردونواح میں گزشتہ رات ہونیوالی موسلادھاربارش کے باعث شہرکی مین شاہراہوں،گلی محلوں میں بارش کا پانی جمع ہوگیا جس سے شہریوں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا،علاوہ ازیں کراچی کے مختلف علاقوں میں ہفتہ کو ہلکی بارش ہوئی جس سے موسم خوش گوارہوگیا،محکمہ موسمیات نے 29 اپریل سے یکم مئی تک طوفانی بارشوں کی پیشگوئی کی تھی جو سسٹم کمزور پڑنے کی وجہ سے پوری نہ ہوسکی۔

ہفتے کو سرجانی اور اورنگی ٹاؤن سمیت مختلف علاقوں میں بارش نے رنگ جمایا،نارتھ ناظم آباد، نارتھ کراچی، فیڈرل بی ایریا، لیاقت آباد،عزیز آباد اورگلشن اقبال میں بھی بارش ہوئی۔

موسمیاتی تجزیہ کارکے مطابق کراچی کے مغرب میں بارش برسانے والے بادل موجود ہیں اوروسطی علاقے میں گرد آلود ہوائیں چل رہی ہیں جبکہ گرج چمک کے ساتھ بادل شمال کی جانب بڑھ رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں: