کراچی: سندھ حکومت کے ترجمان اور مشیر قانون مرتضٰی وہاب نے کہا ہے کہ حافظ نعیم الرحمن جماعت اسلامی کے کارکن بنیں بال ٹھاکرے نہ بنیں۔
جماعت اسلامی کراچی کے امیرحافظ نعیم الرحمن کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے مرتضی وہاب نے مزید کہا کہ پورے وثوق سےکہتاہوں کہ حافظ نعیم الرحمن کراچی دشمنی کےایجنڈے پر اُترنے ہوئے ہیں،جماعت اسلامی کےدیرینہ اور سنجیدہ لوگ ان کی باتوں اور ذہنی حالت کا نوٹس لیں، کراچی والے تو جانتےہیں جماعت اسلامی ان کا مقدمہ نہیں لڑرہی،وزیراعلی سندھ نے مردم شماری پر روز اول سےآواز بلند کی۔
مرتضیٰ وہاب کے مطابق،پیپلزپارٹی کی وجہ سے ہی حالیہ مردم شماری میں خامیوں کو درست کیاجارہاہے،حافظ نعیم الرحمن کا لچھےدار بیانات میں عمران خان سےمقابلہ چل رہاہے،پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت ہی کراچی کی رونقیں بحال کررہی ہے،کل کےاجلاس میں بھی حافظ نعیم ہوم ورک کےبغیر بیٹھےبات کررہےتھے۔
مرتضیٰ وہاب نے الزام لگایا کہ بلدیاتی الیکشن میں اربوں روپےخرچ کرکےبھی حافظ نعیم الرحمن مطلوبہ اکثریت حاصل نہیں کرسکے،وہ الیکشن میں شکست پر جماعت اسلامی میں اٹھنےوالی آوازوں سےپریشان ہیں اور لسانی سیاسی انتشار پیدا کررہے ہیں۔