جیکب آباد میں آپریشن جاری، متعدد ٹھکانے مسمار

جیکب آباد : جیکب آباد میں بلوچستان کے 6 پولیس اہلکاروں کو شہید کرنے والے ڈاکوؤں کیخلاف چوتھے روز بھی آپریشن جاری،تاحال پولیس کو کامیابی نہ ملی،ڈاکوؤں کے متعدد ٹھکانے مسمارکرکے 12 مشتبہ افراد کو گرفتارکرلیا گیا۔

جیکب آباد کے مولاداد تھانہ کی حدود جاگیرکے علاقے میں سندھ اوربلوچستان کی پولیس کی جانب سے چوتھے روز بھی آپریشن جاری رہا،سندھ و بلوچستان پولیس کی جانب سے علاقے کا محاصرہ برقرارہے،پولیس نے جدید اسلحہ اوربکتر بند گاڑیوں کے ذریعے ڈاکوؤں کے متعدد ٹھکانوں کو مسمارکردیا۔

ایس ایس پی جیکب آباد ڈاکٹر سمیر نورچنہ کے مطابق بلوچستان پولیس کے 6 اہلکاروں کو شہید کرنے والے ڈاکوؤں کی گرفتاری اورمغوی فرقان سومرو کی بازیابی کیلئے جاگیرکے علاقے میں گرینڈ آپریشن جاری ہے،سندھ اوربلوچستان پولیس مشترکہ کارروائی کررہی ہے،ایس ایس پی کے مطابق آپریشن کے دوران ڈاکوؤں کے متعدد ٹھکانوں کو مسمارکردیا گیا جبکہ 12 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔

انکا کہنا تھا کہ آپریشن کے دوران ڈاکوؤں کی جانب سے پولیس پرفائرنگ بھی کی جارہی ہے، بلوچستان پولیس کے جوانوں کوشہید کرنے والے تمام ڈاکوؤں کی گرفتاری اورانکے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں: