کراچی: بجلی کی بندش پرکے الیکٹرک کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے مظاہرین نے تین ہٹی سے جیل روڈ جانے والی سڑک کو بند کردیا،کراچی کے مختلف علاقوں میں پیشگی اطلاع کے بغیرصبح 6 بجے سے رات 9 بجے تک بجلی کے طویل بریک ڈاؤن کا سلسلہ بدستورجاری ہے۔
کے الیکٹرک عملہ گرڈ اسٹیشن،پی ایم ٹی سے بجلی بند کرکے باقاعدگی سے بجلی کا بل ادا کرنیوالوں صارفین کو بھی بجلی سے محروم کردیتا ہے،کراچی کے علاقے پی آئی بی کالونی،تین ہٹی،کورنگی،لانڈھی، ملیر،کیماڑی کے مختلف علاقوں میں منگل کو صبح 6 بجے سے شروع ہونیوالا غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ رات 9 بجے تک جاری رہا،بجلی بندش کیخلاف مظاہرین نے تین ہٹی سے جیل روڈ جانے والی سڑک بند کردی،مظاہرین کا کہنا تھا کہ صبح 6بجے سے علاقے میں بجلی بند رکھی جارہی ہے۔معلوم کرنے پرپتہ چلا کہ کے الیکٹرک کا عملہ پی ایم ٹی سے گرپ نکال کرلے گیا جبکہ بعض علاقوں میں مین سپلائی لائن سے علاقائی سپلائی کو ڈی کٹ لگا کرگھنٹوں بجلی کی سپلائی معطل کردی گئی جس پرمتاثرہ علاقے کی خواتین سراپا احتجاج بن گئیں اورتین ہٹی کے قریب سڑک پردھرنا دیکرروڈ بلاک کردیا۔
خواتین کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک بجلی چوروں کیخلاف کارروائی نہیں کرتا،کے الیکٹرک کے مقامی اہلکاربجلی چوری کرکے فروخت کررہے ہیں اورعلاقہ سے منتھلی لیتے ہیں لیکن باقاعدگی سے بل ادا کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کرکے عام لوگوں کو پریشان کیا جارہا ہے،ہم وقت پربل بھرتے ہیں ہم یہ زیادتی برداشت نہیں کرسکتے۔
انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ اوروفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ معاملے کا نوٹس لے کریوسی 5 نفیس آباد کی بجلی بحال کرائیں اوربجلی چوری میں ملوث کے الیکٹرک عملہ کی گرفت کی جائے۔
