لاہور ،اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ میں ملک میں دہشت گردی اور مہنگائی کا ذمہ دار نہیں ہوں، حکومت میں ہوتا تو میں جواب دہ ہوتا،پشاور حملے کو استعمال کرکے یہ الیکشن آگے بڑھانا چاہتے ہیں،افغان جنگ ہماری نہیں ۔
لاہور میں کارکنوں سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ پشاور حملے پر افسوس ہے، تفتیش سے پہلےگورنر نے الیکشن ملتوی کرنےکا خط کیسے لکھ دیا؟ افغانستان میں امن کے لیے طالبان سے مذاکرات کرانے میں سہولت کاری کی، امریکیوں کے انخلا پر افغانستان میں خانہ جنگی کا خطرہ تھا، افغانستان میں خانہ جنگی ہوتی تو پاکستان متاثر ہوتا، جنرل باجوہ سےکوئی اختلافات نہیں تھے، توسیع ملنے کے بعد باجوہ نےکہا احتساب سے پیچھے ہٹ جاؤ۔
انہوں نے کہاکہ باجوہ نے مخالفین کو این آر او دینےکا کہا تو میں نے منع کردیا، باجوہ سے دوسرا اختلاف جنرل فیض کے مسئلے پر ہوا، افغان بے امنی کے اثرات کا خدشہ تھا، اس لیے فیض کو عہدے پر رکھنا چاہتا تھا، 30 سے 40 ہزار جنگجو افغانستان میں تھے، فیصلہ ہوا کہ فورسز اور ارکان اسمبلی طے کریں گے کہ انہیں پاکستان میں سیٹل کیسےکرنا ہے۔
ان کاکہناتھاکہ برے حالات کی ذمہ داری میری حکومت سے پہلے 30 سال سے اقتدار میں رہنے والوں پر ہے، ان میں ملک چلانے کی اہلیت نہیں تھی تو انہیں میری حکومت ختم نہیں کرنی چاہئے تھی ، عدالت آصف زرداری سے پوچھے گی کہ کون سی ساکھ تھی جو خراب ہوئی ہے، زرداری کو قرآن پر حلف لینا ہوگا کہ انہوں نےکتنے لوگ قتل کرائے۔
انہوں نے کہاکہ میں چاہتا ہوں کہ زرداری میرے خلاف عدالت ضرور جائیں، زرداری کی میرے خلاف سازش کی اطلاع بہت ٹھوس ہے ،زرداری کو میرے ساتھ عدالت میں کھڑا کریں، میرے پاس آصف زرداری کے خلاف الزامات کی پوری کتاب ہوگی۔
لاہور میں سینئر صحافیوں کی ملاقات کے دوران گفتگوکرتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ اسمبلیاں تحلیل کرنا میر ی بہترین حکمت عملی تھی، اسمبلیاں تحلیل ہوتے ہی حکومت بند گلی میں آچکی ہے ، زرداری سے متعلق بیان پر قائم ہوں،آصف زرداری شوق سے ہتک عزت کا دعویٰ کریں، ہتک عزت کا دعویٰ وہ کرتے ہیں جن کی اپنی کوئی عزت ہوتی ہے۔
ان کاکہناتھاکہ 90 روز میں انتخابات نہ کرائے گئے تو آئین شکنی ہو گی، ابھی میرا ایک اور میڈیکل چیک اپ ہونا ہے، ٹھیک ہوکر انتخابی مہم کا آغاز کروں گا۔اسلام آباد میں بابر اعوان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا ہے کہ حکمران جتنا مرضی روک لیں ملک عام انتخابات کی طرف جارہا ہے۔