اداکار و ریسلر ’’ دی راک‘‘ کی والدہ کار حادثے میں شدید زخمی

نیویارک: مشہور سابق ریسلر اور ہالی ووڈ اداکار ڈوین جانسن المعروف دی راک کی والدہ کار حادثے میں شدید زخمی ہوگئیں۔

ہالی ووڈ سٹار دی راک نے سوشل میڈیا پر اپنی والدہ کی گاڑی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو یہ خبر دی ہے کہ ان کی والدہ گزشتہ رات ایک خطرناک کار حادثے کا شکار ہوکر شدید زخمی ہوگئیں ہیں اور ہسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔

حادثے میں تباہ ہونے والی والدہ کی گاڑی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے راک نے کیپشن میں لکھا کہ خدا کا شکر ہے کہ میری والدہ ٹھیک ہیں وہ صحتیاب ہوجائیں گی۔

بلیک ایڈم سٹار نے اپنی والدہ سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے مداحوں کو یہ پیغام دیا کہ وہ اپنے والدین کا بہت خیال رکھیں اور انہیں گلے لگائیں کیونکہ ہمیں معلوم نہیں ہوتا کہ کب ہمیں رات کے 3بجے ایسی کال آجائے جو ہم کبھی موصول نہیں کرنا چاہتے۔