کراچی : پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے محمد عامر اور عماد وسیم کی قومی ٹیم میں ممکنہ واپسی پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔
ایک مقامی نیوز چینل کے ساتھ ایک حالیہ انٹرویو کے دوران شاہد آفریدی نے کہا کہ اگر دونوں کھلاڑی ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں غیر معمولی کارکردگی پیش کرتے ہیں تو وہ اپنے لیے مضبوط کیس بناسکتے ہیں۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ پی ایس ایل دونوں کھلاڑیوں کی واپسی کے لیے بہترین پلیٹ فارم ہو گا، یہ ان کی کارکردگی پر منحصر ہے اور کیا ان کے پاس ٹورنامنٹ کے لیے کوئی اہداف مقرر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں یہ آپ کی کارکردگی پر منحصر ہے کہ کیا آپ نے پی ایس ایل کے لیے کوئی اہداف مقرر کیے ہیں۔ یہ اس بات پر منحصر ہے کہ آپ اوسط رہنا چاہتے ہیں یا اپنا موازنہ شاہین، حارث اور نسیم سے کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’’محمد عامر کچھ عرصے سے کرکٹ کھیل رہے ہیں جبکہ عماد کے لیے بھی یہی بات ہے۔ دونوں موقع ملنے پر پرفارم کرنا چاہیں گے۔ میرے خیال میں پاکستان سپر لیگ ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جسے دونوں کھلاڑی قومی ٹیم میں اپنی واپسی کے لیے استعمال کر سکتے ہیں‘‘۔
قیاس آرائیاں عروج پر ہیں کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) میں قیادت میں حالیہ تبدیلی کے بعد فاسٹ بولر عامر اپنا فیصلہ واپس لے سکتے ہیں، اسی طرح عماد وسیم بھی دنیا بھر کی ٹی ٹوئنٹی لیگز میں شرکت کرتے رہے ہیں اور قومی ٹیم میں واپسی کے حوالے سے افواہوں کی زد میں رہے ہیں۔
