کراچی: ایندھن کی کمی کے باعث جنرل ایوی ایشن کو مشکلات کا سامنا ہے، ایدھی ائرایمبولینس سمیت 157 طیارے گراونڈ ہوگئے، 12 فلائنگ اسکولز کی سرگرمیاں بھی معطل ہیں۔
چھوٹے طیاروں میں اے وی گیسولین بطور ایندھن استعمال ہوتا ہے، جنرل ایوی ایشن کے طیاروں کو 3 ماہ سے ایندھن کی کمی کا سامنا ہے، ذرائع کے مطابق طیاروں کا ایندھن 320 روپے فی لیٹر سے 850 روپے فی لیٹر تک جا پہنچا، جس کے باعث جنرل ایوی ایشن نئے بحران میں گھر گئی ہے ۔
چھوٹے طیاروں کا 72 ہزار لیٹر ایندھن دسمبر سے کراچی کی بندرگاہ پر پڑا ہے، ایل سی نہ کھلنے سے ڈیمریج اور دیگر واجبات میں بھی اضافہ ہوگیا، سی ای او اسکائی ونگز ایوی ایشن عمران اسلم خان کا کہنا ہےکہ درآمد فیول کیلئے 23 ہزار ڈالر مالیت کی ایل سیز بھی نہیں کھولی جارہی، حکومت فوری اقدامات کرے تاکہ فلائنگ شروع ہوسکے۔
ایوی ایشن کمپنیاں کاروبار بند کرکے اپنے جہاز بیرون ملک ایکسپورٹ کر رہی ہیں۔
