اسلام آباد:راولپنڈی ،کوئٹہ،ہرنائی،پشاور : شمالی وزیرستان میں فورسز سے مقابلے میں پاک فوج کے دو جوان شہید ہوگئے جب کہ جوابی کارروائی میں 2 دہشتگرد بھی مارے گئے جبکہ دیگر واقعات میں ،1لیویز اہلکار شہید،6 زخمی،ہرنائی میں 4 کان کن جاں بحق،3زخمی ،جنوبی وزیر ستان میں بچہ جاں بحق ہوگئے ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن ، فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان جھڑپ میں پاک فوج کے دو جوان شہید ہوگئے، کارروائی میں دو دہشتگرد مارے گئے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقےسپن وام میں سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا ، سکیورٹی فورسز نے موثر طریقے سے دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ، کارروائی میں دو دہشت گرد ہلاک اور دو گرفتار کرلیے گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کرلیا گیا۔
دہشتگرد سیکورٹی فورسز کے خلاف دہشتگردی کی کارروائیوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے دوجوانوں نے جام شہادت نوش کیا، سپاہی عمران اللہ کی عمر 25 سال اور ضلع باجوڑ کے رہائشی ہیں، سپاہی افضال خان کی عمر 21 سال اور ضلع اپر دیر کے رہائشی ہیں ۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ پاک فوج دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے، ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کے خاتمے تک علاقے میں سرچ آپریشن جاری رہے گا۔ دریں اثناسابق صدر آصف علی زرداری نے شمالی وزیرستان میں فوج کے دو جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ملک اور قوم اپنے ایسے بہادر بیٹوں پر فخر کرتی ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے شمالی وزیرستان میں فوجی قافلے پر دہشتگردوں کے حملے کی مذمت کی ہے ۔
علاوہ ازیں چمن میں نامعلوم افراد کی لیویز کے ناکہ پرفائرنگ ایک اہلکار شہید ہو گیا۔
لیویز نے علا قے کو گھیرے میں لیکر حملہ آروں کی تلاش شروع کر دی ۔ کو ہلو میں انتخابی عملے میں شامل لیویز کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا نے سے زور دار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں رسالدار سمیت 6 اہلکار شدید زخمی ہو گئے ۔ لیویز نے زخمیوں کو فوری طوپر طبی امداد کے لئے ہسپتا ل منتقل کر دیا جہاں رسالدار سمیت 2 اہلکاروں کی حالت تشویشانک بتائی جا تی ہے ۔
ضلع ہرنائی میں کوئلے کی کان کے قریب فائرنگ سے 4 کان کن جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔ملزمان نے کوئلے کی 11 کانوں کو بھی آگ لگا دی، واقعہ میں جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیاگیا ۔ جنوبی وزیرستان کے علاقے دڑہ غونڈئی میں بم دھماکہ،1 بچہ جاں بحق جبکہ2 افراد زخمی ہوگئے۔