کراچی : سندھ ہائیکورٹ نے احکامات نہ ماننے پر چیف سیکرٹری سندھ سہیل راجپوت کی تنخواہ روکنے کا حکم دیا ہے۔ ناظر سندھ ہائیکورٹ نے اکائونٹنٹ جنرل سندھ کو چیف سیکرٹری سہیل راجپوت کی تنخواہ بند کرنے کےلئے خط لکھ دیا۔
عدالت نے اے جی سندھ کو چیف سیکرٹری سندھ کی تنخواہ بند کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔بدھ کو سماعت کے موقع پر عدالت کو بتایا گیا کہ محکمہ آب پاشی نے اشرف ڈی بلوچ کو ایک ارب روپے کے واجبات ادا نہیں کئے۔
اشرف ڈی بلوچ نے سندھ ہائی کورٹ میں واجبات کی عدم ادائیگی پر درخواست دائر کی تھی۔سندھ ہائی کورٹ نے محکمہ آب پاشی سے رپورٹ طلب کی پھر واجبات ادا کرنے کا حکم دیا۔ پھر بھی مسئلہ حل نہیں ہوا تو سندھ ہائی کورٹ نے چیف سیکرٹری سندھ کو حکم جاری کیا کہ اشرف ڈی بلوچ کے واجبات ادا کئے جائیں۔
سندھ ہائیکورٹ نے سندھ حکومت کو حکم دیا تھا کہ 3 دن میں ناظر سندھ ہائیکورٹ کے پاس رقم جمع کرادی جائے۔ مگر تاحال رقم جمع نہ کرانے پر ناظر نے اکاوئنٹنٹ جنرل سندھ کو چیف سیکرٹری سندھ کی تنخواہ بند کرنے کی ہدایت کردی ہے۔