کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ پہلے رمضان میں گرفتاری کی خبریں آتی تھیں مگر اب افطاری کی خبریں آتی ہیں، لوگوں نے فیصلہ کرلیا کہ متحدہ لندن سے نہیں چلے گی۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین ضلع وسطی کے تحت افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا جس میں ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستاراورمیئرکراچی وسیم اختر سمیت دیگر نے شرکت کی ۔ اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ پہلے گرفتاری کی اطلاعات آتی تھیں، اب افطاریوں کی اطلاعات آتی ہیں۔
فاروق ستار نے کہا کہ آیندہ ہم بھی شاید ٹیکس کم دیں تاکہ ہمارے مسائل کم ہوجائیں، جتنا ٹیکس زیادہ دیتے ہیں اتنے ہی مسائل دیے جاتے ہیں، ہم اکیلے کیوں ٹیکس دے رہے پاکستان میں؟ کچھ لوگوں نے ٹیکس نہیں دیا اور منی لانڈرنگ کرکے باہر جائیدادیں بنائیں، ہم پر منی لانڈرنگ کا الزام لگا لیکن ثابت نہیں ہوا، ضلع وسطی میں تعلیم کی شرح اب بھی پورے پاکستان میں سب سے زیادہ ہے۔
اس موقع پر میئر کراچی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پہلے ہم ’’بھائی‘‘ ہوتے تھے، اب صحافی ’’بھائی‘‘ ہیں، سندھ اسمبلی میں بھی بلدیہ عظمیٰ کی بازگشت سنائی دی،سپریم کورٹ حساب مانگ رہی ہے پہلے وہ دیں پھربلدیہ کا احتساب کریں۔