گورنرسندھ کے افطار ڈنر میں غیر ملکی سفارت کاروں کی شرکت

کراچی: گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان معاشی و معاشرتی مسائل سے دوچار ہے، اللہ تعالی سے دعاگو ہیں کہ وطن عزیز کو آزمائشوں سے نکالے، کیونکہ مہنگائی کے طوفان نے سب کو غریب کر دیا ہے جبکہ ملکی حالات سے عوام میں مایوسی کے بادل چھائے ہوئے ہیں ۔
گورنر سندھ نے کہا کہ ہم نے گورنر ہائوس کراچی کے دروازے عوام کیلئے کھول دیئے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ سب لوگ سیاست کو بالائے طاق رکھیں اور آگے بڑھیں، ہمیں ملکی مسائل کے حل کیلئے مذاکرات کی میز پر آنا ہو گا۔
کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ آج مولانا فضل الرحمان سے ملاقات ہوئی اور ملکی صورتحال پر بات ہوئی، اس کے علاوہ آج گورنر خیبر پختونخوا سے بھی تفصیلی بات ہوئی ہے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان کو بچانے کیلئے میں ہر شخص کے پاس جانے کو تیار ہوں ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ اس ملک میں پانچ لوگ مل کر بیٹھیں تو پانچ دن میں حالات ٹھیک ہو جائیں گے، ہمیں مل کر ملکی مسائل کے حل کیلئے کوشش کرنی ہے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ یقین سے کہتا ہوں کہ ملک میں گیس بڑی مقدار میں موجود ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر چیز کسی نہ کسی مافیا کے کنٹرول میں ہے ، اس حوالے سے میڈیا ہی لوگوں میں ذمہ داریوں کا شعور بیدار کرتا ہے، انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان کے عوام کی مشکل صورتحال کا صحیح احساس نہیں ہے، ملک میں ڈالر نہ ہونے سے بیروزگاری بڑھ رہی ہے۔
کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ سیاسی لوگ ہی افہام و تفہیم کا راستہ نکال سکتے ہیں، ہمیں مل کر مسائل کے حل اور سمت تلاش کرنی ہے ، گورنر سندھ نے کہا کہ منصب سنبھالنے کے بعد میں اپنے کام سے مطمئن ہوں کیونکہ کام کرنے کیلئے اختیارات کے بجائے کردار کی ضرورت ہوتی ہے،گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی افطار ڈنر دعوت پر مختلف ممالک کے قونصل جنرلز نے خصوصی شرکت کی۔ ان ممالک میں روس،جرمنی،سری لنکا،تھائی لینڈ، ویتنام،امریکا،برطانیہ، ترکی، ایران،اومان، جاپان، بنگلہ دیش، بحرین، قطر، ملائیشیا ، انڈونیشیا شامل تھے۔
گورنر سندھ نے افطار ڈنر میں شرکت پر قونصل جنرلز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے تمام ممالک کے ساتھ قریبی تعلقات ہیں، انہوں نے پاکستان کی ہر مشکل گھڑی میں مدد کی ہے۔
قونصل جنرلز نے گورنر سندھ کی عوامی افطار کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ گورنر سندھ کی عوام سے انتہائی قربت قابل تحسین ہے، قونصل جنرلز نے مزید کہا کہ افطار میں عوام کا جوش و خروش قابل دید ہے ۔سولہویں افطار میں کراچی یونیورسٹی ، اقراء یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبرز اور طالب علموں نے بھی شرکت کی۔ گورنر سندھ نے کہا کہ 16روزوں میں افطار کے لئے آنے والوں کا مشکور ہوں۔
انہوں نے کہا کہ عوامی افطار عوام کے لئے ہے، اس ضمن میں کوئی رکاوٹ نہیں آنے دی جائے گی۔گورنر سندھ نے کہا کہ افطار کے لئے آنے والوں کے چہرے کی مسکراہٹ ہی میرے لئے سب سے بڑا انعام ہے، اللہ تعالی کا مشکور ہوں کہ مجھے یہ سعادت عطا کی۔کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ دعوؤں پر نہیں عملی اقدامات پر یقین رکھتا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جہاں جہاں کوئی مسئلہ ہوگا، گورنر ہائوس عوام کے ساتھ کھڑا ہوگا۔