دنیا کی سب سے بڑی ویڈیو ویب سائٹ یوٹیوب نے ویڈیوز بناکر پیسے کمانے والے افراد کی مدد کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرادیا۔
یوٹیوب نے ورچوئل ریئلٹی (وی آر) اور 360 ڈگری کے ویڈیوز کو ناظرین کے لیے مزید بہتر اور پرکشش بنانے کے لیے ’ہیٹ میپس‘(heatmaps) کا فیچر متعارف کرادیا۔
اس فیچر کو وہ حضرات استعمال کرسکیں گے، جو وڈیوز بناکر یوٹیوب پر اپ لوڈ کرتے ہیں۔
یوٹیوب کی بلاگ پوسٹ کے مطابق اس فیچر کو استعمال کرکے ویڈیوز بنانے والے حضرات اس قابل ہوجائیں گے کہ وہ ویڈیو کے کسی خاص منظر کو دیر تک اور واضح طور پر اپنے ناظرین کو دکھا سکیں۔
اس فیچر کو استعمال کرنے سے اس بات کی نشاندہی کی جاسکے گی کہ ویڈیو کا وہ کون سا حصہ ہے، جو ناظرین کو بہت پسند آئے گا اوراس حصے کو خصوصی طور پر بہت واضح نمونے سے دیر تک ناظرین کو دکھایا جاسکے گا۔
اس فیچر کے استعمال کے بعد وی آر اور 360 ویڈیوز کو عام ڈیسک ٹاپ پر بھی اچھے طریقے سے دیکھا جاسکے گا۔
یوٹیوب نے نیا فیچر متعارف کراتے ہوئے ویڈیوز بنانے والے افراد کو کچھ مشورے بھی دئیے ہیں، تاکہ وہ بہتر سے بہتر ویڈیو بناسکیں۔
یوٹیوب نے اکاؤنٹ ہولڈرز کو مشورہ دیا کہ 360 ڈگری یا وی آر ویڈیوز میں ہیٹ میپس فیچر کا استعمال کرتے وقت اس بات کا خیال رکھیں کہ ویڈیو کے فرنٹ پر کون سا حصہ دکھانا ہے، اور فرنٹ پر وہ حصہ دکھائیں جو زیادہ پرکشش اور بہترین ہو۔
یوٹیوب کے مطابق ویب سائٹ پر 75 فیصد سے زائد صارفین 90 ڈگری کی ویڈیوز دیکھتے ہیں۔
خیال رہے کہ یوٹیوب نے ویڈیوز بناکر پیسے کمانے والے افراد کے لیے اس سے پہلے بھی کچھ فیچرز متعارف کرائے تھے، تاکہ اکاؤنٹ ہولڈرز زیادہ سے زیادہ پیسے کمانے کے قابل ہوں۔