نیو یارک : نیو یارک کی ریاستی عدالت کے جج نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے متعلق ایک اداکارہ کو خاموشی سے ادائیگی کے مقدمے کے حوالے سے ایک حکم نامہ جاری کردیا۔
حکم نامے کے مطابق سابق صدر پر اس کیس سے متعلق سوشل میڈیا کے استعمال پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق جج جوآن مرچنٹ نے مین ہٹن پراسیکیوٹرز کے ساتھ مل کر ایک حکم جاری کیا جس میں کہا گیا کہ ٹرمپ کی دفاعی ٹیم کو فراہم کردہ مواد اور معلومات صرف اس معاملے میں دفاع کی تیاری کے مقاصد کے لیے ہیں۔
ٹرمپ کو 2016 کے صدارتی انتخابات سے قبل ایک مبینہ معاملہ کو چھپانے کے لیے پورن سٹار سٹورمی ڈینیئلز کو ادائیگی کرنے میں ان کے مبینہ کردار پر جھوٹے کاروباری ریکارڈوں کے 34 سنگین الزامات کا سامنا ہے۔
پابندی کے حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ٹرمپ کی ٹیم کو دیے گئے ثبوت کے حوالے سے دھیان رکھا جائے کہ عدالت کی منظوری حاصل کیے بغیر مواد کو سوشل میڈیا پر کاپی، شائع یا ظاہر نہ کیا جائے۔فیصلے کے مطابق ٹرمپ کچھ حساس معلومات صرف اپنے وکیل کی موجودگی میں دیکھ سکتے ہیں اور محدود اشاعتی مواد کو کاپی کرنے، فوٹو کاپی کرنے، نقل کرنے یا آزادانہ طور پر رکھنے کی اجازت ہرگز نہیں ۔