کلکتہ: بھارت کی مشرقی ریاست بنگال کے ایک گاؤں میں ٹرک پر مویشی لے جانے والے دو مسلمانوں کو مشتعل دیہاتیوں نے تشدد کرکے ہلاک کردیا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق پولیس کا کہنا تھا کہ ٹرک میں مویشی سوار تھے جنہیں ہمسایہ ملک بنگلہ دیش کی سرحد کے قریب مغربی بنگال کے ایک گاؤں میں منتقل کیا جارہا تھا تاہم دیہاتیوں نے انہیں روک لیا۔
مغربی بنگال پولیس کے سینئر افسر انوج شرما کا کہنا تھا کہ ’دیہاتیوں نے سڑک بلاک کرکے ڈارئیور کو گاڑی روکنے پر مجبور کیا، اس کے بعد دو افراد کو گاڑی سے باہر نکالا اور انہیں تشدد کا نشانہ بنایا جبکہ گاڑی کا ڈرائیور بچ نکلنے میں کامیاب ہوگیا‘۔
پولیس کا کہنا تھا کہ فوری طور پر اس واقعے کے محرکات سامنے نہیں آسکے۔